اسلام آباد ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عنوان سے عالمی یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے اسلام آباد کے سینٹورس مال میں فلسطینی سفارتخانہ اور سینٹورس انتظامیہ کی جانب سے پر وقار ثقافتی تقریب کا انعقاد پندرہ دسمبر ہفتہ کو کیا گیا۔ تقریب کی صدارت فلسطینی سفیر جناب محمد حسنی نے کی جبکہ مہمانان خصوصی میں سری لنکن سفیر اور آذر بائیجان ، اردن کے سفراء سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کےجنرل سیکرٹری صابر ابو مریم اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے اور دیگر شریک تھے۔ عالمی یوم یکجہتی فلسطین کی تقریب میں پاکستان میں مقیم فلسطینی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں نے فلسطین کے خصوصی ثقافتی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے ۔تقریب میں سیکڑوں شہریوں نے شرکت کی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی سفیر محمد حسنی کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام اپنے حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد کو حتمی طور پر کامیابی سے ہمکنار کریں گے چاہے اس کے لئے کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے لیکن فلسطینی عوام اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام پتھر اور اپنے جذبہ سے غاصب صیہونی دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں اور فلسطین کی مکمل آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبلہ اوّل مسلمانوں کا مقدس مقام ہے اور امریکہ کی جانب سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے سے القدس کی حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا ۔ اس موقع پر القدس فلسطین کا ابدی دارالحکومت ہے کہ انگریزی اور اردو بینرز بھی آویزاں کئے گئے تھے جبکہ شاپنگ مال میں فلسطینی اور پاکستانی پرچم بھی آوایزاں تھے۔