اسلام آباد ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے وفدکے ہمراہ اسلام آباد میں اراکین سینیٹ سے ملاقاتیں کی اور مسئلہ فلسطین کے عنوان سے موجودہ صورتحال سمیت پاکستان کی فلسطین پالیسی پر تبادلہ خیال کیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے اراکین سینیٹ بشمول سینیٹر مشاہد حسین سید (چیئر مین قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ)، عفاقی وزیر برائے انسانی حقوق محترمہ شیریں مزاری،سینیٹر رحمان ملک، سینیٹر شیریں رحمان، سینیٹر جاوید عباسی، سینیٹر محترمہ نزہت صادق، سینیٹر مولانا عطا ءالرحمان، سینیٹر میاںمحمد عتیق سمیت دیگر سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور معزز اراکین سینیٹرز کو مسئلہ فلسطین سے متعلق موجودہ صورتحال سمیت عالمی سطح پر امریکہ کے فلسطین مخالف منصوبوں بالخصوص امریکہ کے پیش کردہ ’’صدی کی ڈیل ‘‘ نامی منصوبہ سے آگاہ کیا، اس موقع پر معزز اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی کو فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی طرف سے صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے نام جاری کردہ تحریر مراسلہ کی کاپیاں بھی فراہم کی گئیں اور پاکستان میں بڑھتے ہوئے صیہونی اثر ورسوخ سے متعلق گفتگو کی۔
معزز اراکین کو بتایا گیا کہصیہونی ایماء پر چند نا عاقبت اندیشن لوگ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے امریکی وصیہونی منصوبہ پر عمل پیرا ہیں اور فلسطین کاز پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور علامہ اقبال ؒ کی وضع کردہ خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں اور آئین پاکستان کی دھجیاں اڑانے میں مشغول ہیں تاہم ان عناصر سے سختی سے نمٹنا ناگزیرہوچکا ہے۔
اس موقع پر اراکین کو فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ماہانہ رسالہ ’’وائس آف فلسطین‘‘ کی کاپیاں بھی دی گئیں۔