امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے مسجد اقصیٰ کو شہید کرکے اس کی جگہ ہیکل سلمانی کی تعمیر کرنے کے منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ19مارچ بروز جمعہ اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریں اور فلسطینی عوام کی پشت پر کھڑے ہوجائیں جو مسجد اقصٰی کے تحفظ کے لیے بیش بہا جانی و مالی قربانیاں دے رہے ہیں۔
بدھ کے روز منصورہ سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں سید منورحسن نے کہا ہے کہ یہودیوں نے اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام شروع کردیا ہے اور وہ جلد مسجد اقصیٰ کو شہید کرکے اس کی جگہ ہیکل سلیمانی تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مسجد اقصیٰ سے چندمیٹر کے فاصلے پر ایک کنیسہ کی تعمیر بھی شروع کردی گئی ہے، سید منورحسن نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کی آزادی ہر مسلمان کا جزو ایمان ہے۔ گذشتہ 62سال سے مقام اِسرا و معراج پر اسرائیلیوں کا قبضہ ہے، ہمارے فلسطینی بھائی اس پورے عرصے میں ہر نوع کے مظالم برداشت کرتے چلے آرہے ہیں۔ اسرائیلی مظالم کے باوجودگذشتہ 22سالوں میں یہ تحریک مضبوط سے مضبوط تر ہوئی ہے۔گذشتہ سال غزہ پر توڑے جانے والے ہولناک اور قیامت خیز مظالم کے باوجود اہل فلسطین سے روح آزادی سلب نہیں کی جاسکی۔
انہوںنے کہا کہ اہل فلسطین پر مظالم اپنی جگہ لیکن امت مسلمہ کے بے حس اور بے حمیت حکمرانوں کا رویہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، انہوںنے کہا کہ بیت المقدس کے قدیم شہر میں اسرائیل نے گذشتہ سوموار کی رات کومتنازعہ معبد کو یہودیوں کے لیے کھولا تھا جس سے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ فلسطین کی تنظیمیں الفتح اور حماس یہودی معبد کے افتتاح کی مل کر مذمت کررہی ہیں اور حماس نے گذشتہ منگل کو مسلمانوں سے اسرائیلی فیصلے کے خلاف ‘یوم غضب’ منانے کی اپیل کی تھی۔ جس میں انہوںنے مسلمانوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مسجد اقصٰی اور مقبوضہ بیت المقدس کی نصرت کے لیے گھروں سے نکلیں اور احتجاج کریں۔
سید منورحسن نے کہا کہ اس سارے معاملے میں امریکہ اور یورپی یونین کا کردار انتہائی قابل مذمت ہے۔ یورپی یونین تمام اخلاقیات بالائے طاق رکھ کرغزہ محاصرے میں اسرائیل کا مکمل ساتھ دے رہی ہے۔اور چار سال سے جاری غزہ محاصرے میں غزہ کے عوام کو فیول فراہم نہ کرکے انہیں سزا دی جا رہی ہے۔
سید منورحسن نے پاکستانی عوام اور پوری امت مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیلیوں کے مظالم اور یہودیوں کے مسجد اقصیٰ کے انہدام کے ناپاک منصوبے کی کھل کر مذمت کریں اور آئندہ جمعۃ19مارچ کو یوم احتجاج مناکر فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔