غزہ محاصرے کے خاتمے کی مہم میں شامل یورپی وفد نے یورپین پارلیمنٹ کے صدر جرزی بوزیک سے سٹراسبرگ میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وفد نے بوزیک پر زور دیا ہے کہ وہ سنجیدہ کو ششیں کرکے غزہ محاصرہ ختم کرنے کیلئے اسرائیل پر ہر ممکنہ دباؤ ڈالے۔ وفد میںغزہ محاصرے کے خاتمے کی مہم کے سربراہ ڈاکٹر عرفات ماضی او ر یورپی یونین کے 6 ممبران پارلیمنٹ جنہوں نے کچھ مدت پہلے غزہ کا دورہ کیا تھا،شامل تھے ۔وفد میں شامل ممبران نے غزہ کے عوام کی حالت زار سے بوزیک کو آگاہ کیا۔
وفد نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ صرف انسانی نہیں بلکہ سیاسی معاملہ بھی ہے ،اسلئے یورپی یونین کی طرف سے صرف مالی امداد دینا کافی نہیں ۔یورپی یونین سیا سی بنیادوں پر اس معاملے کو حل کرنے اور ناکہ بندی ختم کرانے کے اقدامات کرے۔
وفد نے یورپی یونین کے صدر سے اپیل بھی کی کہ پچھلے الیکشن کے نتائج کو تسلیم کر کےتمام جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں تا کہ مسئلہ فلسطین کا باعزت حل نکل آئے۔ وفد نے جرزی بوزیک کو غزہ کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ بوزیک نے دورے کی دعوت قبول کی اور مستقبل قریب میں غزہ کا دورہ کرنے کا وفد کو یقین دلایا ۔