مغربی کنارے میں فتح کی غیرآئینی حکومت کے وزیراعظم سلام فیاض کی جانب سے سیاسی بنیادوں پرملازمین کی برطرفی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، گذشتہ دو برس سے سینکڑوں سرکاری ملازمین کوحماس سے تعلق کے الزام میں ملازمتوں سے محروم کیا جا چکا ہے۔ فلسطین میں ملازمین یونین کے سربراہ محمد صیام نے انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ ماہ سلام فیاض کی حکومت نے غزہ اور مغربی کنارے میں ان کی حکومت کے تٓحت چلنے والے اداروں کے 500 ملازمین کو ان کی نوکریوں سے فارغ کیا گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں صیام نے کہا کہ سلام فیاض کی حکومت کی جانب سے ملازمین کی برطری کا سلسلہ صرف سیاسی انتقام کی بنیاد پرجاری ہے، برطرف کیے گئے تمام ملازمین پرحماس سے تعلق کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ غزہ میں معاشی ناکہ بندی کے باعث معاشی صورت حال ابترہے ملازمین کو ان کی نوکریوں سے برطرف کرنا ایک ظالمانہ اقدام ہے۔ صیام نے وزیراعظم سلام فیاض سےمطالبہ کیا کہ وہ انتقامی سیاست کو فروغ دیتے ہوئے ملازمین کی برطرفی کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے تمام برطرف ملازمین کی فوری بحالی اور ان کی روگی گئی تنخواہیں فوری طور پرجاری کرنے کا مطالبہ کیا۔