قابض اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں فلسطینی شہری کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔ صہیونی فوجیوں کا دعوی تھا کہ فلسطینی شہری نے اسرائیلی فوجی کو چھرا گھونپنے کی کوشش کی۔ میڈیکل ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ الخلیل شہر کے رہائشی اکتالیس سالہ فایز احمد اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے شہید ہو گیا۔ فایز، شہر کے وسط میں شارع الشلالہ پر کھڑا تھا کہ اسے بغیر کسی پیشگی اطلاع اور جائے مقتل پر کسی قسم کے تصادم کے بغیر اسرائیلی فوج نے شہید کر دیا۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے گولی لگنے سے فلسطینی شہر زخمی ہوا۔ اسے اسرائیلی فوجیوں نے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا، اسے طبی امداد فراہم نہیں کرنے دی گئی۔ بعد ازاں اس کی شہادت کا اعلان کر دیا گیا۔ اب تک قابض فوجیوں کی جانب سے شہید کا جسد خاکی ان کے لواحقین کے حوالے نہیں کیا گیا اوراس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ شہید نے صہیونی فوجی کو چھرا گھونپنے کی کوشش کی تھی۔