فلسطین کے مفتی شیخ محمد حسین نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی قابض انتظامیہ مسجد اقصیٰ کے قرب و جوار میں مسلسل کھدائی کر کے ،اصل میں مسجد اقصیٰ کو منہدم کر کے اس جگہ پر اپنی عبادت گاہ تعمیر کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ میڈیا کے لئے جاری کئے گئے اپنے بیان میں شیخ نے کہا کہ کھدائی کا عمل بغیرکسی تعطل کے جاری ہے اور حالیہ کئی مہینوں سے اس عمل میں تیزی آئی ہے۔ شیخ محمد حسین نے کہا کہ اقصیٰ مسجد کے شمالی کونے والے گیٹ پر جو ، تودہ گرنے کا واقع رونما ہوا اس سے یہودی سازش بے نقاب ہوگئی ہے۔ شیخ نے کہا کہ ایک طرف کھدائی جاری ہے تو دوسی طرف مسجد اقصیٰ کی مرمت پر اسرائیلی قابض انتظامیہ نے پابندی عائد کی ہے۔ مفتی حسین نے زور دے کر یہ بات کہی کہ اسرائیلی منصوبہ صرف مسجد اقصیٰ تک ہی محدود نہیں بلکہ وہ پورے بیت المقدس کو مسلمانوں سے پاک کر کے اسے یہودی شہر بنانا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں جتنا ممکن ہو سکے اتنے فلسطینیوں کے مکانات مسمار کئے جائیں گے۔ اس معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے شیخ نے عرب رہنماوں جو لیبیا میں دوسری کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں اور اسلامی سربرہ کانفرنس سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کو بچانے اور مقدس شہر کے تشخص کوبچانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔