کراچی ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر فلسطینیوں پر یوم الارض فلسطین کے دن پر امن احتجاجی مظاہر وں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرہ میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت سول سوسائٹی اراکین نے شرکت کی ۔ واضح رہے کہ تیس مارچ یوم الارض فلسطین کی مناسبت سے فلسطین میں پر امن ریٹرن مارچ فلسطینی عوام کی طرف سے کیا گیا تھا جس کا مقصد فلسطینیوں کا حق واپسی حاصل کرنا تھا تاہم اسرائیلی جارح افواج نے سفالیات کا مظاہرہ کرتے ہوئے پندرہ فلسطینیوں کو شہید جبکہ پندرہ سو کے قریب افراد کو زخمی کر دیا تھا ۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست اراکین و سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں بشمول رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ، صابر ابو مریم،اسرار عباسی، محمد حسین محنتی، مکرم قادری،عرم بٹ، قاضی زاہد، مولانا صادق جعفری، وحید یونس، عمران شہزاد ، محمد زیدان،فضل الرحمان،عدنان کڈیا،سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور حالیہ دنوں فلسطینی عوام کے پر امن احتجاجی مارچ پر اسرائیلی حملے انسانیت کی کھلی تذلیل ہے ۔ انہوں نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت پر عالمی برادری اور اداروں کی مجرمانہ خاموشی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عالمی برادری کو فلسطینی حقوق تسلیم کرنا ہوں گے اور دوہرا معیار ترک کرنا ہو گا۔
مقررین نے مسلم حکمرانوں کی بے حسی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم حکمران وان کو جو کردار ادا کرنا چاہئے تھا وہ نہیں کر رہے اور افسوس کی بات ہے کہ مسلم دنیا کے حکمران امریکی و صیہونی کاسہ لیسی میان مصروف ہیں جبکہ دوسری جانب امریکی سرپرستی میں اسرائیل فلسطینیوں ک خون کی ندیاں بہانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ رہا۔
اس موقع پر مظاہرین نے فلسطینیوں کے حق میں اور امریکا و اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور امریکی و صیہونی پرچم بھی نذر آتش کئے۔