یورپی پارلیمانی وفد غزہ کے دورے کے لیے آج مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ رہا ہے جہاں سے وہ رفح سرحد کے ذریعے غزہ جائے گا- یورپ کا یہ سب سے بڑا پارلیمانی وفد ہے جو غزہ کا دورہ کررہا ہے- وفد میں یورپ کے بارہ ممالک کے پچاس ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں- ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ سابق وزراء بھی وفد کا حصہ ہیں جو محصور فلسطینی شہریوں کے حالات سے آگاہی کے لیے غزہ جارہا ہے- وفد کے رکن برطانوی رکن پارلیمنٹ چیرمی کوربین نے وفد کے دورہ غزہ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یہ وفد یورپی پارلیمانی تاریخ کا سب سے بڑا وفد ہے جو غیر ملکی دورے پر جارہا ہے- اس دورے کا مقصد ان حالات سے آگاہی ہے جس سے فلسطینی عوام دوچار ہیں- اس دورے سے یورپی فیصلہ سازوں پر غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کی کوششیں کرنے کا دباؤ بڑھے گا-