اسرائیل کے ایک انٹیلی جنس ادارے کی ویب سائٹ میں جاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہےکہ غزہ کے گرد اسرائیل اور مصر کی جانب سے تعمیر کیجانے والی دیواریں امریکی منظوری سے تعمیر کی جا رہی ہیں، ان دیواروں کی تعمیر سے امریکا حماس کو کمزور کر کے اسے پالیسی بدلنے پر مجبور کرنا چاہتا ہے۔ انٹیلی جنس ادارے کے ویب سائٹ”ٹیک ڈیبکا” نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پہلے امریکا نے مصر پرغزہ کے گرد دیوار تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا اوراسے اس اقدام پر مجبور کیا، اب امریکا اور مصر نے اسرائیل سے کہا کہ غزہ کے باقی علاقوں کے گرد وہ دیوار کی تعمیر شروع کرے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا کی خواہش ہے کہ وہ ان دیواروں کی تعمیر کے ذریعے حماس کو فتح کے ساتھ مصالحت پر مجبور کرے، اسرائیل کے حوالے سے پالیسی بدلنے اور ایران سے تعلقات توڑنے پر مجبور کرے۔ اس کے علاوہ ان دیواروں کے ذریعے غزہ کے مزاحمت کاروں کی طرسے اسلحہ اسمگل کرنے کو روکنا اور حماس اور القاعدہ کے درمیان تعلقات کی روک تھام کرنا ہے۔