مصری کمیٹی برائے ’’انسداد ناکہ بندی غزہ‘‘ نے غزہ کے لیے علامتی امدادی قافلے کی تیاری کا اعلان کیا ہے جو آئندہ جمعہ کو غزہ کے لیے روانہ ہوگا- قافلے کا مقصد فلسطینیوں کی مدد کرنا اور غزہ کی سرحد پر زیر زمین مصری فولادی دیوار کی تعمیر کو مسترد کرنا ہے- مصری جماعت لیبر پارٹی کے رہنما محمد سخاوی نے غزہ کے لیے یورپی امدادی قافلے ’’شہ رگ زندگی 3‘‘ کے حوالے سے مصری حکومت کے رویے پر تنقید کی- انہوں نے کہا کہ قافلے کے سربراہ اور برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے کی جانب سے مصری حکومت پر تنقید ہر اس شخص کی ترجمانی ہے جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا- محمد سخاوی نے کہا کہ شیخ ازھر محمد سید طنطاوی کی جانب سے فولادی دیوار کی تعمیر کے حوالے سے بیانات مصری حکمرانوں کی ہدایات پر جاری کیے جارہے ہیں-