مقبوضہ فلسطین میں تعینات اقوام متحدہ کے مندوب رچرڈ فولک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کونسل کی جانب سے اسرائیلی جنگی جرائم سے متعلق رچرڈ گولڈ اسٹون کی سفارشات پر مبنی رپورٹ پر فوری طور پر عمل درآمد کرائے۔ بدھ کے روز نیویارک میں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر گذشتہ برس کی مسلط کردہ اسرآئیلی جنگ جارحیت کی بد ترین شکل تھی، جس کی جتنی بھی مذمت کی جآئے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے حلیف غزہ کی معاشی ناکہ بندی کے باعث جنم لینے والے انسانی المیے کے ذمہ دار ہیں۔ رچرڈ فولک نے غزہ کی معاشی ناکہ بندی فوری طور پر اٹھانے اور اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ملین آبادی کو بھوک اور افلاس میں مبتلا کرنے والی اسرائیلی ریاست کسی نرمی کی مستحق نہیں، عالمی برادری فلسطینیوں کی مشکلات کا بھی ادراک کرے۔ اقوام متحدہ کے مندوب کا کہنا تھا کہ غزہ میں ڈیڑھ ملین آبادی بد ترین حالات سے گذر رہی ہے جبکہ عالمی برادری اس پرنہ صر ف خاموش ہے بلکہ اسرائیل کی حمایت اور مدد کررہی ہے۔ ایسے میں اسرائیل کو جارحیت اور معاشی ناکہ بندی جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔