غزہ میں سوائن فلو کی بیماری کے انتشار کے حوالے سے تل اسلام کے علاقے کی مسجد عمار بن یاسر میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا- جس میں فلسطینی وزارت صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد کاشف نے شرکت کی- انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی وزارت صحت سوائن فلو کی مرض کے حوالے سے شہریوں کو ایجوکیٹ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے- دو تین روز قبل غزہ میں بعض شہریوں میں سوائن فلو کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے-
ڈاکٹر کاشف نے واضح کیا کہ گزشتہ جمعہ کو بعض مریضوں میں وائرس کی موجودگی کا شبہہ ہوا تو معائنے سے معلوم ہوا کہ وہ شہری سوائن فلو سے متاثر نہیں ہیں- لیکن دو روز بعد کچھ مریضوں کے سوائن فلو کے وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے- یہی وجہ ہے کہ فلسطینی وزارت صحت نے پہلے غزہ میں سوائن فلو کے انتشار کی تردید کی بعد میں اس کی تصدیق کی-
انہوں نے کہا کہ وزارت نے گزشتہ مئی سے سوائن فلو کے مرض کے حوالے سے ہنگامی منصوبہ تیار کرلیا تھا- وزارت کے پاس سوائن فلو کے وائرس کے انکشاف کے لیے جدید ٹیکنالوجی ہے جو بعض پڑوسی ممالک میں بھی نہیں-