اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں جاری اہم اور فیصلہ کن عوامی تحریکیں اسلامی بیداری کی لہر کا نتیجہ ہیں ۔ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں اسلامی بیداری کی لہر، عوام کے جائز مطالبات ، قوموں کی آواز سنے جانے اور ان کے مطالبات پورے کئے جانے کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر کے عوام کی عظیم تحریک ظلم و ناانصافی اور استکبار سے وابستگی کو ختم کرنے کے لئے اٹھی ہے اور اسلامی مشرق وسطی ميں حقیقی آزادی و خودمختاری کی نوید دے رہی ہے ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری عوام کو چاہئے کہ وہ اپنی صفوں میں بدخواہوں کے ذریعہ ڈالے جانےوالے تفرقے اور اختلاف کی سازشوں کو ہوشیاری کے ساتھ ناکام بنادیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد قوموں اور حکومتوں کو چاہئے کہ مصر کے عوام کی تحریک کو منحرف کرنے کے سلسلے میں امریکہ اور صہیونی حکومت کی سازشوں اور مداخلتوں کی مذمت کريں ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مصر کے معاملات میں امریکہ اور اسرائیل کی مداخلتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مصر کے مسلمان عوام کی تحریک کی راہ میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ کھڑی کرنے کی کوششوں کے نتیجے میں امریکہ اور استکباری طاقتوں کے تئيں پوری دنیا کے مسلمانوں کی نفرت میں مزید اضافہ ہوگا ۔