ترکی کے وزیراعظم رجب طیب ایردوان نے مصری صدر حسنی مبارک پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت میں رد و بدل کے ترد میں پڑنے کے بجائے عوامی مطالبات کو تسلیم کر لیں.ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین کو طاقت کےذریعے کچلنا غیراخلاقی اور غیرجمہوری رویہ ہے.
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ترک وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار حکمران جماعت عدالت اور ترقی پارٹی کےایک اجلاس کے دوران خطاب میں کیا .انکا کہنا تھا کہ مصری صدر کو غورکرنا چاہیے کہ عوام ان سے کیا مطالبہ کر رہے ہیں.عوامی مطالبات کے سامنے سرنگوں کرنا ہی اصل جمہوری طرزعمل ہے.
ایردوان کا کہنا تھا کہ مصری صدر حسنی مبارک ان کے دوست ہیں اور وہ اپنے دوست کو اس سے بہتر اس کوئی نصیحت نہیں کر سکتے کہ وہ عوامی مطالبات کے سامنے سرنگوں ہو جائیں.ترک وزیراعظم نے مصری عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں اور قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کریں.
خیال رہے کہ مصری صدر اس وقت اپنے اقتدار کی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گذر رہے ہیں.ان کے تمام قریبی دوست اب انہیں یہ مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ اقتدار عوام کے سپرد کر کے حکومت کو خیرباد کہہ دیں.