مقبوضہ مغربی کنارے کے مسلم اراکین پارلیمان نے فلسطینی ہائیکورٹ کے صدر کے نام ایک خط میں مطالبہ کیا ہے کہ عباس ملیشیا کے عقوبت خانوں میں 27 روز سے بھوک ہڑتال پر گئے فلسطینیوں کی فی الفور رہائی کے احکامات صادر کیے جائیں۔ بدھ کے روز ارسال کیے گئے اس خط میں فلسطینی سکیورٹی فورسز کی جانب سے عدالت عظمی کے فیصلوں پر عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ عدالت نے مزاحمتی کارروائیوں کے باوجود ان لوگوں کی رہائی کا حکم دیا تھا تاہم لگ بھگ ایک ماہ کی بھوک ہڑتال کے باوجود قیدیوں کو تاحال رہائی نہیں مل سکی۔ انہوں نے کہا کہ عباس ملیشیا کی خفیہ ایجنسیوں کا یہ کہنا کہ ان قیدیوں کو ان کے گھروں کی قریبی جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ مسلم پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ ہمارا مطالبہ بڑا واضح ہے اور وہ قیدیوں کی ایک جیل سے دوسری جیل منتقلی نہیں بلکہ ان کی فی الفور رہائی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے انسانی حقوق کی تمام تنظیموں اور میڈیا سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کی رہائی میں کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔