غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے باوجود غزہ کی پٹی پر جاری مسلسل اسرائیلی حملوں میں قابض اسرائیلی فوج کی بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ فلسطینی شہری شہید اور متعداطلاعات د زخمی ہو گئے۔
ایک مقامی ذریعے نے بتایا کہ رات کو جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں العلم کے علاقے کے قریب قابض اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے ایک شہری شہید ہو گیا۔
ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ آج رات غزہ شہر میں مفترق العباس کے قریب قابض طیاروں کے حملے میں دو شہری جام شہادت نوش کر گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دونوں شہداء طبی امداد کی تنظیم ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز بیلجیئم کے ایک طبی کلینک میں بطور محافظ فرائض انجام دے رہے تھے۔
جمعہ کی شام مغربی رفح شہر کے علاقے شارع الرشید پر مسجد معاویہ کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون طیارے کے حملے کے نتیجے میں تین شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مقامی ذریعے کے مطابق شہداء کی شناخت عماد محمود ابو جزر، اسماعیل حماد ابو جزر اور اسامہ المشوخی کے ناموں سے ہوئی ہے۔
شمالی غزہ کی پٹی کے جبالیا پناہ گزین کیمپ کے علاقے الہوجا پر اسرائیلی بمباری میں لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان ابراہیم کمال ابو شباب شہید ہو گیا، جبکہ کیمپ میں شہریوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں مزید کئی افراد زخمی ہوئے۔
شمالی پٹی ہی کی ایک اور پیش رفت میں تازہ ترین میدانی اطلاعات کے مطابق بئر النعجہ کے علاقے میں ام عونی الشرفا کلینک کے اطراف ایک اسرائیلی ڈرون طیارے نے ایک شہری گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شہری خالد معین عساف شہید اور دیگر متعدد افراد مختلف نوعیت کے زخموں کا شکار ہوئے۔
غزہ شہر کے مغربی علاقے الرمال میں واقع الحسائنہ ہوم نامی عمارت کے ایک رہائشی فلیٹ پر جمعہ کی فجر ہونے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں تین شہری زخمی ہو گئے۔
غزہ کی پٹی کے جنوبی حصے میں رات کے اوقات کے دوران مواصی خان یونس کے علاقے میں برطانوی ہسپتال کے قریب ایک اسرائیلی ڈرون حملے میں دو شہری زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
علاوہ ازیں قابض فوج کی بکتر بند گاڑیوں نے خان یونس شہر کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں شدید فائرنگ کی، جبکہ مغربی شہر کے علاقے مقابر النمساوی میں بے گھر افراد کے خیمے بھی فائرنگ کی زد میں آئے، اور اسی دوران مشرقی علاقوں کو توپ خانے کی گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا۔
وسطی گورنری میں اسرائیلی توپ خانے نے دیر البلح شہر کے مشرقی حصوں پر گولہ باری کی، جبکہ غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں فوجی نقل و حرکت اور بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
یہ حملے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں کے سائے میں کیے جا رہے ہیں، جن کے نتیجے میں شہداء و زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور شہریوں و بے گھر افراد کو ان کی رہائش گاہوں اور پناہ گاہوں میں درپیش خطرات مزید سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے 26 نومبر سنہ 2026ء کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہسپتالوں میں 19 شہداء لائے گئے جن میں 18 نئے شہداء اور ایک قبل ازیں زخمی ہونے والا شہری شامل ہے، اس کے علاوہ 48 زخمی بھی ہسپتالوں میں منتقل کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 11 اکتوبر سنہ 2025ء کو جنگ بندی کے آغاز سے اب تک اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1,705 اور زخمیوں کی تعداد 6,163 ہو گئی ہے، جبکہ ملبے تلے سے نکالے گئے شہداء کے جسد خاکی کی تعداد 851 تک پہنچ چکی ہے۔
دوسری جانب غزہ کی پٹی پر جارحیت کے آغاز سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد بڑھ کر 74,772 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1,76,298 تک جا پہنچی ہے۔
