مقبوضہ مغربی کنارہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہے کہ سنہ 2026ء کے آغاز سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں، شہریوں کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں نیز گھروں کے انہدام اور جبری بے دخلی کی کارروائیوں کے نتیجے میں پانچ ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں، جن میں سے اکیلے وادی اردن کے علاقے میں پندرہ سو سے زائد فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور “اوچا” نے بدھ کے روز جاری کردہ ایک بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے مغربی کنارے میں درج ہونے والی مجموعی جبری بے دخلی کے واقعات میں سے تقریباً ایک تہائی حصہ وادی اردن سے تعلق رکھتا ہے، جہاں فلسطینی آبادیوں پر آباد کاروں کے حملوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
دفتر نے بتایا کہ سال کے آغاز سے اب تک پانچ ہزار ایک سو پچاس سے زائد فلسطینی آباد کاروں کے تشدد، اس سے جڑی پابندیوں اور مسماری و بے دخلی کی کارروائیوں کے باعث اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں، جبکہ سنہ 2026ء کے دوران آباد کاروں کے تشدد اور رسائی پر پابندیوں کے نتیجے میں ہونے والی جبری نقل مکانی کے واقعات میں سے چوالیس فیصد حصہ وادی اردن میں پیش آیا ہے۔
علاقے میں فلسطینیوں کو جن خلاف ورزیوں کا سامنا ہے ان میں مکینوں اور ان کی املاک پر حملے، انہیں اپنی زمینوں اور رہائشی علاقوں تک جانے سے روکنا، نیز قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے تعمیراتی اجازت نامے نہ ہونے کے بہانے گھروں اور تنصیبات کو مسمار کرنا شامل ہے۔
اقوام متحدہ نے عالمی قانون کے مطابق مقبوضہ فلسطینی سرزمین کے تمام حصوں میں فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنانے کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں آباد کاروں کے حملے بدستور جاری ہیں جن میں فلسطینی آبادیوں، مکانات، املاک، زرعی زمینوں اور چراگاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ فلسطینیوں کی نقل و حرکت اور ان کے ذرائع معاش تک رسائی پر بڑھتی ہوئی پابندیوں کے باعث مزید خاندان اپنے گھر اور رہائشی علاقے چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
