اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے فلسطینی رکن پارلیمان ڈاکٹر حاتم قفیشہ کو اغوا کرنے پر اسرائیل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو عالمی قوانین اور اقدار کے منافی قرار دیا ہے، حماس نے کہا ہے کہ ڈاکٹر قفیشہ کی حفاظت کی ساری ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے رکن پارلیمان کا گھر مسمار کر کے انہیں گرفتار کیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ حماس کے ذمہ دار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ فلسطینی مجلس قانون ساز کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد ڈاکٹر قفیشہ کو تین مرتبہ اغوا کیا جا چکا ہے جو فلسطینی قوم کے اراکین پارلیمان پر کیے جانے والے مظالم کی ہی ایک گھڑی ہے۔ اس موقع پر حماس نے ڈاکٹر حاتم قفیشہ کی رہائی کا فوری مطالبہ کیا۔ حماس نے عالمی برادری اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں پر ڈاکٹر قفیشہ کی حفاظت کی ذمہ داری عائد کی۔ حماس نے اسرائیلی فوج کی اس تازہ جارحیت کو کھلی دہشت گردی قرار دیا۔