غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (انروا) کا کردار ختم کرنے کی قابض اسرائیلی تجاویز اور اس کے فرائض دیگر اقوام متحدہ و بین الاقوامی اداروں میں تقسیم کرنے کی بازگشت کے درمیان ان اداروں کی انسانی اور ادارہ جاتی خلا کو پُر کرنے کی صلاحیت، ذمہ داریوں کی منتقلی کی حدود اور پناہ گزینوں کے مسئلے و حقوق کے مستقبل پر اس کے اثرات کے حوالے سے بنیادی سوالات ابھر کر سامنے آ رہے ہیں۔
انروا کے گرد جاری یہ معرکہ محض تعلیم، صحت اور امداد فراہم کرنے والے ایک ادارے کی بقا کے مسئلے سے کہیں آگے بڑھ کر اس امر تک جا پہنچا ہے کہ اگر ایجنسی کا کام ختم ہو جائے یا اس کے فرائض کو منقسم کر دیا جائے تو لاکھوں پناہ گزینوں کی ذمہ داری کون سا ادارہ سنبھالے گا؟۔
ایک جانب اسرائیل ایجنسی کو دیگر اداروں سے تبدیل کرنے کی تجویز پیش کر رہا ہے تو دوسری جانب انروا کے دائرہ اختیار کی نوعیت اور اس کے انتظامی ڈھانچے کا حجم اس حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے کہ یہ معاملہ محض متعدد اداروں میں خدمات تقسیم کرنے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔
اس وقت زیر بحث سوال یہ نہیں ہے کہ آیا ایسے بین الاقوامی ادارے موجود ہیں جو خوراک، علاج یا تعلیم فراہم کر سکیں، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ آیا سات دہائیوں سے زائد عرصے میں تشکیل پانے والے ایک ایسے مربوط نظام کو، جسے اقوام متحدہ کا خصوصی مینڈیٹ حاصل ہے، کسی انسانی خلا کو پیدا کیے بغیر یا پناہ گزینوں کے مسئلے کی سیاسی و قانونی حیثیت میں تبدیلی لائے بغیر دیگر اداروں کو منتقل کیا جا سکتا ہے۔
اسرائیلی تجویز۔۔ ایجنسی کا خاتمہ اور فرائض کی تقسیم
اسرائیلی حکومت انروا کا کام ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے اور یہ تجویز پیش کر رہی ہے کہ اقوام متحدہ کی دیگر ایجنسیاں اور انسانی ہمدردی کی تنظیمیں اس کی بعض سرگرمیاں بالخصوص غزہ کی پٹی میں سنبھال لیں۔
مارچ سنہ 2025ء میں خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیے اسرائیلی سفیر کے حوالے سے بتایا تھا کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے اداروں اور امدادی تنظیموں پر زور دے رہا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں ایجنسی کی سرگرمیاں اپنے ذمہ لے لیں۔
یہ تجویز اس مفروضے پر مبنی ہے کہ خدمات کو خصوصی مہارت رکھنے والے اداروں کے درمیان تقسیم کیا جا سکتا ہے، اس طرح کہ ہر ادارہ ایک مخصوص شعبہ سنبھال لے جیسے خوراک، صحت، تعلیم اور امداد۔
تاہم یہ تصور بعض انتظامی فرائض کی حوالگی اور پناہ گزینوں کی مکمل ادارہ جاتی ذمہ داری کی منتقلی کے درمیان پائے جانے والے فرق کے حوالے سے ایک بڑی الجھن کو جنم دیتا ہے، بالخصوص اس لیے کہ انروا کے پاس مستفید ہونے والوں کا ریکارڈ، سکولوں، طبی مراکز اور امدادی سہولیات کا ایک وسیع نیٹ ورک، نیز پانچ آپریشنل خطوں میں پھیلے ہوئے ہزاروں ملازمین اور انتظامی طریقہ کار موجود ہیں۔
اقوام متحدہ کا کمشنر برائے پناہ گزین۔۔ کیا یہ متبادل بن سکتا ہے؟
انروا کے مستقبل کے حوالے سے کسی بھی بحث میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کا نام ایک ایسے ادارے کے طور پر سامنے آتا ہے جس کے کردار پر غور کیا جا سکتا ہے۔
یہ کمیشن دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے تحفظ کا ذمہ دار ہے اور قانونی تحفظ و انسانی امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر کیس کے حالات کے مطابق رضاکارانہ واپسی، مقامی انضمام یا تیسرے ملک میں آبادکاری جیسے پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔
تاہم اس کمیشن اور فلسطینی پناہ گزینوں کے درمیان تعلق خصوصی قانونی انتظامات کے تابع ہے؛ کیونکہ پناہ گزینوں کی حیثیت سے متعلق سنہ 1951ء کے کنونشن کے آرٹیکل اول کے پیراگراف (ڈی) میں ان افراد کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے جو فی الوقت کمیشن کے علاوہ اقوام متحدہ کے کسی دوسرے ادارے یا ایجنسی سے تحفظ یا امداد حاصل کر رہے ہیں، جبکہ ان کی حیثیت کے حتمی تصفیے کے بغیر اس تحفظ یا امداد کے رک جانے کی صورت میں خصوصی دفعات رکھی گئی ہیں۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ انروا کا کام ختم ہوتے ہی ذمہ داری کا کمیشن کو منتقل ہو جانا کوئی خودکار عمل نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے دائرہ اختیار اور پناہ گزینوں کے تحفظ کی آئندہ حیثیت کے حوالے سے قانونی جائزے کی ضرورت ہے۔
کمیشن کی جانب سے تحفظ کے فرائض سنبھالنے کا لازمی مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ انروا کی جانب سے اپنے آپریشنل علاقوں میں قائم کردہ خدمات کے نیٹ ورک کی نقل تیار کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔
خدمات کی تقسیم۔۔ متعدد اداروں پر مشتمل متبادل
ایک اور متبادل تجویز یہ پیش کی جاتی ہے کہ انروا کے فرائض کو اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسیوں میں تقسیم کر دیا جائے، چنانچہ یونیسیف تعلیم اور بچوں کے تحفظ کے پہلو سنبھال لے، عالمی پروگرام برائے خوراک غذائی امداد فراہم کرے، عالمی ادارہ صحت طبی پروگرام چلائے اور اقوام متحدہ کا ترقیاتی پروگرام بحالی و تعمیر نو کے بعض منصوبوں کی ذمہ داری لے۔
یہ ادارے پہلے ہی فلسطینی علاقوں میں موجود ہیں اور اپنے اپنے شعبوں میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں، تاہم ان کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ خود بخود انروا جیسی انتظامی و آپریشنل صلاحیت کے حامل ہیں یا مستقل بنیادوں پر لاکھوں مستفید ہونے والوں کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔
جب ایجنسی کے کام کی نوعیت پر نظر ڈالی جائے تو یہ فرق واضح ہو جاتا ہے؛ کیونکہ انروا خدمات کے ایک باہم مربوط نظام کو چلاتی ہے، ملازمین، تنصیبات اور ڈیٹا بیس کا ایک وسیع نیٹ ورک رکھتی ہے اور پانچ خطوں میں پناہ گزین برادریوں کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہتی ہے۔
جون سنہ 2025ء میں اقوام متحدہ کی جانب سے تیار کردہ ایک اسٹریٹجک جائزے میں نشاندہی کی گئی تھی کہ انروا میں 30 ہزار سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں جن میں سے تقریباً 90 فیصد خود فلسطینی پناہ گزین ہیں، اور یہ ایجنسی اس حجم کی خدمات فراہم کرتی ہے جو ریاستوں کے عوامی خدمات کے نظام کے قریب تر ہیں۔
یہاں سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ مختلف اداروں میں فرائض کی تقسیم سے بعض خدمات کا تسلسل تو ممکن ہو سکتا ہے، لیکن اس سے باہمی ہم آہنگی کے چیلنجز، اختیارات کا تصادم اور فنڈنگ کے ذرائع کی کثرت جیسے مسائل جنم لیں گے، اس کے علاوہ نگہداشت اور امداد کی فراہمی میں خلا پیدا ہونے کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔
میزبان حکومتیں۔۔ وسائل سے بڑھ کر بوجھ
ایک اور تجویز یہ بھی سامنے آتی ہے کہ ایجنسی کی خدمات کا کچھ حصہ پناہ گزینوں کی میزبان حکومتوں بالخصوص اردن، لبنان اور شام کے علاوہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی اداروں کے سپرد کر دیا جائے۔
یہ تصور اس امکان پر مبنی ہے کہ اسکولوں، طبی مراکز اور بعض سماجی پروگراموں کو قومی نظاموں میں ضم کر دیا جائے تاکہ موجودہ سرکاری اداروں کے اندر خدمات کا تسلسل برقرار رہ سکے۔
تاہم اس راستے کو مالی، انتظامی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے۔ میزبان ممالک پہلے ہی پناہ گزینوں کی میزبانی سے جڑے معاشی اور سماجی بوجھ اٹھا رہے ہیں، اور مستفید ہونے والوں کی اضافی تعداد کو سمونے اور انہیں خدمات فراہم کرنے کی ان کی صلاحیت مختلف ہے، اسی طرح ایک ملک سے دوسرے ملک میں پناہ گزینوں کی قانونی اور سماجی حیثیت بھی مختلف ہے۔
سنہ 2025ء کے اقوام متحدہ کے اسٹریٹجک جائزے کی تحقیق میں اس امکان کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ اردن، لبنان اور شام میں بعض خدمات کو بتدریج قومی نظاموں میں منتقل کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ پائیدار فنڈنگ اور عطیہ دہندہ ممالک کی حمایت فراہم کی جائے، جبکہ پناہ گزینوں کے حقوق اور ان کے تاریخی ریکارڈ سے جڑے بنیادی فرائض کو برقرار رکھا جائے۔
جہاں تک مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا تعلق ہے تو یہ تحقیق خدمات کی کسی بھی منتقلی کو سیاسی پیش رفت، فلسطینی اداروں کی تعمیر اور غزہ کی تعمیر نو سے مشروط کرتی ہے۔
یہ نقطہ نظر اچانک ذمہ داری منتقل کرنے یا مالی و سیاسی ضمانتوں کے بغیر میزبان ممالک پر اضافی بوجھ مسلط کرنے سے یکسر مختلف ہے۔
نجی تنظیمیں۔۔ انسانی ہمدردی کے کام کی حدود
بعض تصورات میں امداد کی فراہمی میں غیر سرکاری تنظیموں اور نجی اداروں کے کردار کو وسعت دینے کا امکان پیش کیا جاتا ہے، اس بنیاد پر کہ یہ ادارے ریلیف، تقسیم اور سماجی خدمات کے پروگراموں پر عمل درآمد کر سکتے ہیں۔
تاہم عملی تجربہ اس خیال کو آبادی تک رسائی کی صلاحیت، فنڈنگ کے تسلسل، شفافیت، انسانی اصولوں کے احترام اور بغیر کسی امتیاز کے مستحقین تک امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے زاویے سے پرکھنے کا تقاضا کرتا ہے۔
اس تناظر میں ’’غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن‘‘ کا تجربہ سامنے آیا جس نے مئی سنہ 2025ء میں امداد کی تقسیم کا آغاز اس بنیاد پر کیا کہ اسے روایتی امدادی نظام کے متبادل نمونے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی عدالت انصاف نے 22 اکتوبر سنہ 2025ء کو جاری کردہ اپنی مشاورتی رائے میں اس تجربے کا جائزہ لیتے ہوئے اس پر ہونے والی وسیع تنقید اور اس حقیقت کی طرف اشارہ کیا کہ تقسیم کے نئے نظام کے ذریعے پہنچنے والی امداد مطلوبہ انسانی ضروریات کے حجم سے بہت کم رہی، نیز عدالت نے اقوام متحدہ کے ان اعداد و شمار کا بھی حوالہ دیا جن کے مطابق فاؤنڈیشن کے کام شروع کرنے سے لے کر ستمبر سنہ 2025ء کے اوائل تک تقسیم کے مراکز پر یا ان کے قریب 2100 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔
یہ تجربہ واضح کرتا ہے کہ امداد کی تقسیم کا محض ایک نیا طریقہ کار وضع کر لینا ایک محفوظ اور پائیدار انسانی نظام کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کافی نہیں ہے، بالخصوص جنگ اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے ماحول میں۔
بین الاقوامی عدالت انصاف۔۔ کیا کوئی تیار متبادل موجود ہے؟
بین الاقوامی عدالت انصاف کی 22 اکتوبر سنہ 2025ء کو جاری ہونے والی مشاورتی رائے اس مسئلے کا ایک اہم جواب فراہم کرتی ہے، کیونکہ اس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انروا کو دیگر اداروں سے تبدیل کرنے کے امکان پر براہ راست بحث کی گئی ہے۔
عدالت نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ موجودہ حالات میں غزہ کی پٹی کے باشندوں کی ضروریات پوری کرنے کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے انروا کے ذریعے فراہم کی جانے والی صلاحیت کا نعم البدل تیار نہیں کیا جا سکتا، اور نہ ہی مختصر مدت میں اور کسی مناسب عبوری منصوبے کے بغیر اس ایجنسی کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
عدالت نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ قابض طاقت ہونے کے ناطے اسرائیل بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی بنیاد پر امدادی منصوبوں کی منظوری دینے اور ان میں سہولت فراہم کرنے کا پابند ہے، جن میں اقوام متحدہ اور اس کی ایجنسیوں بشمول انروا کی جانب سے انجام دی جانے والی سرگرمیاں شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنوری سنہ 2025ء میں جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کو بھیجے گئے ایک خط میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ فی الوقت کوئی ایسا حقیقت پسندانہ متبادل موجود نہیں ہے جو مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں فلسطینی پناہ گزینوں کو انروا کے معیار کے مطابق مطلوبہ خدمات اور امداد فراہم کر سکے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی 5 دسمبر سنہ 2025ء کی قرارداد کی روشنی میں ان موقفوں کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے، جس میں ایجنسی کے مینڈیٹ میں 30 جون سنہ 2029ء تک توسیع کرتے ہوئے اسے تفویض کردہ بین الاقوامی اختیار کے تسلسل کی توثیق کی گئی تھی۔
خدمات کی منتقلی اور کردار کے خاتمے کے درمیان
پیش کردہ متبادل تجاویز کا موازنہ اس بات کو بے نقاب کرتا ہے کہ واضح انتظامات اور پائیدار فنڈنگ کے تحت انروا کے بعض فرائض کو اقوام متحدہ، سرکاری اور نجی اداروں میں تقسیم تو کیا جا سکتا ہے، تاہم یہ عمل ایجنسی کی مکمل ذمہ داریوں کی منتقلی یا اس کے ادارہ جاتی کردار کے خاتمے سے بالکل مختلف ہے۔
یہاں پناہ گزینوں کے ریکارڈ اور ان کے تاریخی کوائف سے جڑا ایک بنیادی مسئلہ ابھر کر سامنے آتا ہے، جو پناہ گزین ہونے کی حقیقت اور فلسطینی خاندانوں کے ان کے ان دیہات و شہروں سے تعلق کو دستاویزی شکل دینے میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے جہاں سے انہیں بے دخل کیا گیا تھا۔
حتیٰ کہ سنہ 2025ء کے اقوام متحدہ کے اسٹریٹجک جائزے نے بھی، جس میں ایجنسی کی خدمات کی تنظیم نو اور ان میں سے بعض کو بتدریج دیگر اداروں کو منتقل کرنے کے منظرناموں پر بحث کی گئی تھی، اس بات پر زور دیا کہ پناہ گزینوں کے اندراج، ان کے تاریخی آرکائیو اور ان کی شناخت و حقوق کے تحفظ سے جڑے ایجنسی کے فریضے کو اس وقت تک برقرار رکھا جائے جب تک کہ ان کے مسئلے کا کوئی منصفانہ اور پائیدار حل نہیں نکل آتا۔
قانونی نقطہ نظر سے انروا کے مینڈیٹ کے خاتمے یا اس کی خدمات کی منتقلی سے پناہ گزین کی حیثیت خود بخود ساقط نہیں ہوتی اور نہ ہی اس کے حقوق منسوخ ہوتے ہیں، اسی طرح یہ ایجنسی نہ تو حق واپسی کی خالق ہے اور نہ ہی اسے منسوخ کرنے کا اختیار رکھتی ہے؛ کیونکہ یہ حقوق ایجنسی کے وجود سے آزاد بین الاقوامی حوالوں اور قراردادوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
مجموعی طور پر انروا کے مستقبل کے حوالے سے جاری بحث عالمی برادری کو دو الگ الگ مسائل کے سامنے لا کھڑا کرتی ہے: انسانی خدمات کی فراہمی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کا امکان، اور فلسطینی پناہ گزینوں کے مسئلے کے تئیں بین الاقوامی عزم کا مستقبل۔ تعلیم، علاج اور خوراک فراہم کرنے والے ادارے تو تبدیل ہو سکتے ہیں، لیکن یہ تبدیلی بذات خود اس مسئلے کا حل نہیں بن سکتی جو سنہ 1948ء کے نکبہ کے ساتھ پیدا ہوا تھا اور جس کے سیاسی و قانونی اسباب آج بھی برقرار ہیں۔
وہ بنیادی مسئلہ جس نے انروا کو سات دہائیوں سے زائد عرصے تک قائم رکھا، وہ پناہ گزینی کا تسلسل اور منصفانہ تصفیے کی عدم موجودگی ہے۔ ایجنسی کے کسی بھی متبادل کی بات کرنے کے لیے خدمات، ملازمین، ریکارڈ اور حقوق کے مستقبل نیز اس ادارے کے تعین کے حوالے سے واضح جواب درکار ہے جو لاکھوں پناہ گزینوں کی ذمہ داری اٹھائے گا، بجائے اس کے کہ اس پورے مسئلے کو محض اداروں اور پروگراموں کی منتقلی کے ایک انتظامی عمل تک محدود کر دیا جائے۔
