غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ میں نرسنگ سنڈیکیٹ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پر جاری جنگ کے دوران قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور بمباری سے طبی و نرسنگ عملے کے 1700 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہسپتالوں میں کام کرنے والے عملے کو تحفظ فراہم کرے اور لاپتہ ساتھیوں کے انجام کا پتہ لگانے کے لیے فوری اقدام کرے۔
سنڈیکیٹ کی یہ اپیل خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس کی سرجری عمارت پر قابض اسرائیل کے فضائی حملے کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے بعد سامنے آئی ہے جس میں ایک سرجن ڈاکٹر اور ایک بچے سمیت چھ فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔
سنڈیکیٹ نے واضح کیا کہ ڈاکٹر اور نرسیں مسلسل بمباری اور طبی وسائل کی شدید قلت کے باوجود مریضوں کی دیکھ بھال اور زخمیوں کے علاج معالجے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سنڈیکیٹ نے صحت کے نظام پر قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے عائد کردہ محاصرے کو مکمل محاصرہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس سے 21 ہزار سے زائد ایسے مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں جنہیں غزہ سے باہر فوری علاج کی ضرورت ہے۔
سنڈیکیٹ نے طبی تنصیبات کو براہ راست نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرنے اور اسپتالوں کی تعمیر نو میں مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
رواں ماہ 12 نومبر کو ناصر میڈیکل کمپلیکس پر ہونے والے حملے نے واضح کر دیا کہ غزہ کی پٹی کے جنوب میں ایک اسپتال پر بمباری کا مریضوں کے لیے کیا مطلب ہے کیونکہ تنظیم ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مطابق یہ کمپلیکس وہ مرکزی اسپتال ہے جہاں جنوب کے ہنگامی، جراحی اور خصوصی کیسز بھیجے جاتے ہیں اور یہ تقریباً 1.3 ملین افراد کو طبی سہولیات فراہم کرتا ہے۔
تنظیم نے اطلاع دی ہے کہ حملے کے بعد ایمرجنسی، ریڈیالوجی، لیبارٹری اور آپریشن تھیٹر کے شعبے ناکارہ ہو گئے اور اس کی ٹیم کو ایک دوسری عمارت میں دو ڈاکٹروں سمیت تین زخمیوں کے آپریشن کرنے پڑے۔
غزہ میں وزارت صحت نے ڈاکٹروں، نرسوں اور ٹیکنیشنز کو ان کی رہائش گاہوں سے اسپتالوں تک منتقل کرنے میں حائل رکاوٹوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ طبی عملے کے زیر استعمال ذرائع نقل و حمل کی بندش سے ان اسپتالوں میں بھی آپریشن تھیٹرز اور انتہائی نگہداشت کے یونٹس مفلوج ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے جو اب بھی مریضوں کو وصول کر رہے ہیں۔
ان مریضوں کے حوالے سے جن کا غزہ کی پٹی کے اندر علاج ممکن نہیں رہا، وزارت صحت نے اندازہ لگایا ہے کہ انتظار کی فہرستوں میں شامل تقریباً 21 ہزار مریضوں اور زخمیوں کے انخلا میں چار سال لگ جائیں گے اگر سفر کی وہی رفتار برقرار رہی جسے اس نے اپنے اندازے کی بنیاد بنایا ہے۔
اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور اوچا کے اعداد و شمار حالیہ دنوں میں مریضوں کے اخراج کی سست رفتار کو واضح کرتے ہیں چنانچہ 28 اکتوبر سے تین نومبر کے درمیان رفح اور کرم ابو سالم کی گزرگاہوں کے ذریعے علاج کے لیے صرف 149 مریض، جن میں 46 بچے شامل تھے، غزہ سے باہر جا سکے۔
