Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

جرمن بینک ڈوئچے بینک پر اسرائیلی نسل کشی میں معاونت کا انکشاف، تحقیقاتی رپورٹ

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) ایک بین الاقوامی تحقیقاتی رپورٹ نے قابض اسرائیل کے مرکاوا فور ٹینکوں کے لیے مخصوص گیئر باکس تیار کرنے کے سودے میں جرمنی کے ڈوئچے بینک کے مالیاتی کردار کا پردہ چاک کیا ہے جس کے تحت دفاعی سازوسامان تیار کرنے والی جرمن کمپنی رینک کے حق میں 11.4 ملین یورو کی پیشگی ادائیگی کی ضمانت فراہم کی گئی۔

یہ تحقیقاتی رپورٹ جس کی تیاری میں تحقیقاتی صحافیوں محمد ابو شحمہ، ایدیلا رزاق، پارتھ ایم این، جنا برکات اور سیسیلیا انیزی نے حصہ لیا بینک کی لیک ہونے والی اندرونی خط و کتابت اور دستاویزات پر مبنی ہے جن میں 12 جنوری سنہ 2022ء کو فرینکفرٹ شہر میں واقع بینک کے مرکزی دفتر کی ایک کمیٹی کے اندر اس سودے پر ہونے والی بحث کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق یہ ڈیل جرمن کمپنی رینک اور قابض اسرائیل کی وزارت جنگ کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے سے منسلک تھی جو سنہ 2027ء تک محیط ہے اور اس میں مرکاوا فور ٹینکوں کے لیے گیئر باکس کی تیاری شامل ہے جن کی پہلی کھیپ ستمبر سنہ 2024ء میں فراہم کی جانی تھی۔

ایک اندرونی دستاویز سے ظاہر ہوا کہ یہ ڈیل 16 دسمبر سنہ 2021ء سے ڈوئچے بینک کے فیصلہ سازوں کے پاس غور و خوض کے لیے زیر التوا تھی جس کے بعد متعلقہ کمیٹی نے اسے آگے بڑھانے کے طریقہ کار پر بحث کی۔

خط و کتابت سے انکشاف ہوا کہ بینک کے اسسٹنٹ جنرل لیگل کونسل نے اس سودے کو آگے بڑھانے کی حمایت کرتے ہوئے اسے تجارتی فنانسنگ کی روایتی مصنوعات کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ یہ بذات خود بینک کی ساکھ کے لیے کسی غیر معمولی خطرے کا باعث نہیں ہے۔

تحقیقات کے مطابق اس قانونی جواز کی بنیاد اس بات پر رکھی گئی کہ جرمنی کے فوجی ہتھیاروں سے متعلق قانون کے تحت گیئر باکس کو ہتھیاروں کے زمرے میں شمار نہیں کیا جاتا نیز کمپنی رینک نے ان کی برآمد کے لیے اجازت نامہ حاصل کر رکھا ہے۔

بینک کے اندر ہونے والی بحثیں محض قانونی اور مالی پہلوؤں تک محدود نہیں رہیں بلکہ ان میں اس سودے کے ذرائع ابلاغ میں افشا ہونے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا چنانچہ قانونی عہدیدار کا ماننا تھا کہ اس کے علانیہ منظر عام پر آنے کا امکان کم ہے اور ڈوئچے بینک کی جانب سے فنانسنگ کی ضمانتیں فراہم کرنے کے لیے کسی قابض اسرائیلی بینک کا استعمال بینکاری ادارے کی ساکھ سے جڑے خطرات کو کم کر دے گا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں جرمن کمپنی رینک کے ایک سابق ڈائریکٹر کے حوالے سے، جنہوں نے جرمن جریدے ڈیر اشپیگل سے گفتگو کی، اس سودے کے کامیابی سے مکمل ہونے کی تصدیق نقل کی گئی ہے۔

تحقیقات میں نشاندہی کی گئی کہ جرمن کمپنی کے تیار کردہ پرزہ جات بعد ازاں غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل کی فوجی کارروائیوں میں استعمال ہونے والے مرکاوا ٹینکوں سے منسلک پائے گئے جن میں نومبر سنہ 2023ء میں الشفا اسپتال کے محاصرے اور جون سنہ 2025ء میں التحلیہ چوک پر غذائی امداد کے حصول کے منتظر شہریوں کو نشانہ بنانے والے حملے کا حوالہ دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں اس جانب توجہ مبذول کرائی گئی کہ یہ واقعات نئے گیئر باکس کی فراہمی کی اعلان کردہ تاریخ کے تقریباً نو ماہ بعد اور قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے تنصیب کے لیے تیار کیے جانے والے گیئر باکس کی تصاویر شائع کیے جانے کے ایک ماہ بعد پیش آئے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan