غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ شہید عز الدین القسام بریگیڈز نے بریگیڈز کی جنرل ملٹری کونسل کے رکن اور جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح بریگیڈ کے کمانڈر سمیر محمود ابو یونس المعروف ابو محمود کی شہادت کا اعلان کیا ہے۔
بریگیڈز نے اتوار کے روز جاری ہونے والے ایک عسکری بیان میں کہا کہ ابو یونس کا شمار اس کی صفوں کے اولین دور کے مجاہدین میں ہوتا ہے کیونکہ وہ سنہ 1991ء میں القسام بریگیڈز میں شامل ہوئے تھے۔ وہ قابض اسرائیل کی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کر چکے تھے، متعدد کارروائیوں اور قابض اسرائیلی فوجی دراندازیوں کے مقابلے میں شریک رہے نیز انتفاضہ اقصیٰ کے دوران سرگرم قائدین میں شامل تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ابو یونس نے رفح بریگیڈ میں قیادت کے مختلف مراحل طے کیے جہاں انہوں نے شہید محمود حمدان کے بعد مغربی بٹالین کی کمان سنبھالی اور بعد ازاں شہید نائل ابو عبید المعروف ابو عطیہ کے جانشین کے طور پر رفح بریگیڈ کے کمانڈر مقرر ہوئے۔
بریگیڈز نے نشاندہی کی کہ وہ سات اکتوبر سنہ 2023ء کے حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں شریک نمایاں ترین قائدین میں سے ایک تھے۔
القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں اس راستے پر گامزن رہنے کے عزم کا اعادہ کیا جس پر اس کے قائدین اور مجاہدین چلتے رہے اور اس بات پر زور دیا کہ ان کی قربانیاں قضیہ فلسطین کے دفاع کے اس سفر کا حصہ ہیں جسے انہوں نے اپنا نصب العین بنا رکھا ہے۔
