Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

صیہونیزم

قابض اسرائیل کی جارحیت سے لبنان کا غذائی بحران سنگین ہو گیا

بیروت – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کے حملوں کے مسلسل اثرات کے سائے میں لبنان میں دس لاکھ سے زائد افراد بحرانی یا اس سے بھی بدتر سطح کے غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ان حملوں نے زرعی شعبے کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے، زرعی اراضی کے بڑے رقبے کو تباہ کر دیا ہے اور کسانوں کو ان کی زمینوں و ذرائع آمدن تک رسائی سے محروم کر دیا ہے۔

مربوط غذائی تحفظ کے مرحلہ وار درجہ بندی (آئی پی سی) کے تجزیے سے ظاہر ہوا ہے کہ تقریباً 1.05 ملین افراد فروری سنہ 2027ء تک بحرانی یا اس سے بدتر درجے کے غذائی عدم تحفظ کا سامنا کر رہے ہیں جو اس جائزے میں شامل آبادی کا 21 فیصد بنتا ہے۔

تجزیے میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ سنہ 2027ء کے وسط تک یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 1.15 ملین افراد تک پہنچ جائے گی جو آبادی کا 24 فیصد ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے والے افراد کی تعداد بھی تقریباً دوگنی ہو کر 52 ہزار سے 97 ہزار تک پہنچنے کا امکان ہے۔

بحران کے اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے عالمی عالمی ادارہ خوراک نے کہا کہ لبنانی خاندان معاشی گراوٹ کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے تمام دستیاب وسائل استعمال کر چکے ہیں۔ بچتوں کے خاتمے، قرضوں کے انبار اور اخراجات میں کٹوتی کے باعث متعدد خاندان امداد کے بغیر اپنی بنیادی غذائی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہو گئے ہیں۔

لبنان میں عالمی خوراک پروگرام کی نمائندہ اور ڈائریکٹر آپریشنز ایلیسن اومان لاوی نے خبردار کیا کہ جن خاندانوں کے پاس حالات سے مطابقت پیدا کرنے کے ذرائع ختم ہو چکے ہیں وہ محدود نوعیت کے مزید معاشی جھٹکوں کی صورت میں بھی غذائی عدم تحفظ کی شدید تر سطح پر پھسلنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔

جنوبی لبنان، عکار اور بعلبک الہرمل سب سے زیادہ متاثر

لبنانی وزارت زراعت کی جانب سے گذشتہ ستمبر میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (فاؤ) اور عالمی خوراک پروگرام کے تعاون سے تیار کردہ تجزیے میں واضح کیا گیا ہے کہ سب سے سنگین صورتحال جنوبی لبنان، عکار اور بعلبک الہرمل میں ہے۔ اس کی وجہ زرعی اراضی کی تباہی اور پیداواری لاگت میں اضافہ ہے جس نے دیہی خاندانوں کی آمدن پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

دوسری جانب لبنان میں ادارہ برائے خوراک و زراعت کی نمائندہ ویرونیکا کواٹرولا نے کسانوں کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی تاکہ انہیں اپنے پیداواری اثاثے بحال کرنے، زرعی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے اور اپنے ذرائع آمدن محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے۔

تجزیے میں آبادی کے مختلف طبقات کے درمیان غذائی عدم تحفظ کی سطحوں میں تفاوت کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔ دسمبر سنہ 2024ء کے بعد شام سے لبنان پہنچنے والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہیں جن میں سے 45 فیصد بحرانی یا اس سے بدتر غذائی عدم تحفظ کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس کے مقابلے میں فلسطینی پناہ گزینوں میں یہ شرح 35 فیصد، برسوں سے لبنان میں مقیم شامی پناہ گزینوں میں 28 فیصد اور لبنانی شہریوں میں 18 فیصد ہے جبکہ سنہ 2027ء کے وسط تک لبنانی شہریوں میں یہ شرح بڑھ کر 21 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔

زرعی اراضی متاثر

اسی تناظر میں لبنانی وزیر زراعت نزار ہانی نے انادولو ایجنسی کو دیے گئے اپنے سابقہ بیانات میں کہا تھا کہ قابض اسرائیل کی جنگ اور قبضے کے باعث ملک کی تقریباً 22.5 فیصد زرعی اراضی کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان نقصانات میں جنوبی لبنان اور نبطیہ گورنریوں میں تقریباً 52 ہزار ہیکٹر اور بعلبک الہرمل کے علاقے میں تقریباً چار ہزار ہیکٹر اراضی شامل ہے۔ انہوں نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ جنوبی لبنان اپنے مویشیوں کی دولت کے تقریباً 70 فیصد حصے سے محروم ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قابض اسرائیل نے سفید فاسفورس کا استعمال کیا اور سرحد کے قریبی جنگلاتی علاقوں پر جڑی بوٹی مار دوا گلائفوسیٹ کا چھڑکاؤ کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ وزارت زراعت متاثرہ علاقوں تک رسائی اور مٹی، فصلوں و پانی کے نئے نمونے جمع کرنے میں دشواری کے باعث اب تک نقصانات کا مکمل تخمینہ نہیں لگا سکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دو مارچ سنہ 2026ء سے اب تک لبنان میں قابض اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں تقریباً 4400 افراد شہید ہو چکے ہیں اور ملک کے جنوبی علاقوں میں قابض افواج کی مسلسل موجودگی کے ساتھ ساتھ لاکھوں افراد بے گھر بھی ہوئے ہیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan