منامہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) سالانہ ’منامہ ڈائیلاگ‘ فورم کے بائیکاٹ کے لیے خلیجی تحریک میں تیزی آ چکی ہے، حکومتوں، سرکاری اداروں اور ٹریڈ یونینز پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ اس میں شرکت نہ کریں، کیونکہ اس میں قابض اسرائیلی ریاست کے نمائندوں اور صیہونی لابی سے وابستہ شخصیات و اداروں کی میزبانی کا سلسلہ جاری ہے۔
’خلیجی اتحاد برائے انسدادِ نارملائزیشن ‘ اور ’تحریک برائے بائیکاٹ اسرائیل، سرمائے کے انخلا اور اس پر پابندیوں‘ (BDS) نے اس فورم کے مکمل بائیکاٹ کی اپنی کال کو ایک بار پھر دہرایا ہے، اور مطالبہ کیا ہے کہ قابض ریاست کے نمائندوں اور صیہونی لابی کے بازوؤں کی میزبانی کو اس وقت تک روکا جائے، جب تک یہ سلسلہ بند نہیں ہوتا۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اس کانفرنس کو نسل کشی اور نسلی تطہیر کے جرائم پر پردہ ڈالنے اور خطے میں نوآبادیاتی و آبادکارانہ منصوبے کی بحالی کا پلیٹ فارم بنایا جا رہا ہے۔
’منامہ ڈائیلاگ‘ کا انعقاد انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک سٹڈیز (IISS) کی جانب سے بحرین کی حکومت کی شراکت میں کیا جاتا ہے، جس کا مقصد سکیورٹی اور خارجہ پالیسی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے، تاہم معمول سازی کی مخالفت کرنے والی قوتیں یہ سمجھتی ہیں کہ یہ فورم گزشتہ برسوں کے دوران خطے میں قابض ریاست کے اثر و رسوخ کو مضبوط کرنے اور اس کے ساتھ سکیورٹی اور عسکری معمول سازی کے دروازے کھولنے کی ایک جگہ بن چکا ہے۔
معمول سازی کو تقویت دینے کا پلیٹ فارم
اتحاد اور تحریک کی طرف سے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس فورم نے نام نہاد ’ابراہیمی معاہدوں‘ کو راسخ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، بیان کے مطابق قابض ریاست کو ایک فطری فریق اور علاقائی انتظامات میں بنیادی شراکت دار کے طور پر پیش کیا گیا ہے، بجائے اس کے کہ اس کے ساتھ ایک توسیع پسندانہ اور استعماری نظام والا برتاؤ کیا جاتا۔
نارملائزیشن کی مخالفت کرنے والی قوتوں نے اس بات کی تأکید کی ہے کہ یہ سلسلہ ایک ایسے وقت میں جاری ہے جب قابض ریاست اپنی بین الاقوامی تنہائی کو توڑنے، قانونی کارروائیوں اور بڑھتی ہوئی عوامی بائیکاٹ مہمات سے بچنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کے لیے وہ نام نہاد ’قوت کے ذریعے امن‘ کے تصور کو فروغ دے رہی ہے، اور اس سب کا موازی سلسلہ غزہ کی پٹی پر مسلسل مسلط جنگ، لبنان اور شام پر عسکری جارحیت، اور آبادکاری کے توسیع پسندانہ منصوبوں کی صورت میں جاری ہے۔
اسرائیلی نمائندوں کی بار بار آمد
بیان میں ’منامہ ڈائیلاگ‘ کے گزشتہ ایڈیشنز میں اسرائیلی موجودگی کے مختلف ادوار کا احاطہ کیا گیا ہے، جس میں سنہ 2020ء میں قابض ریاست کے سابق وزیر خارجہ گابی اشکنازی اور سنہ 2021ء اور سنہ 2022ء کے دوران نام نہاد اسرائیلی ’قومی سلامتی کونسل‘ کے مشیر ایال ہولاتا کی میزبانی کا خصوصی ذکر کیا گیا۔
اسی طرح سنہ 2024ء کے ایڈیشن میں ’امریکہ اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی‘ (AIPAC) کے ایک وفد کی شرکت بھی دیکھی گئی، جو امریکہ میں قابض ریاست کی حمایت کرنے والے سرکردہ دباؤ کے گروہوں میں سے ایک ہے۔
بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی بلکہ گزشتہ ایڈیشن میں ’امریکی یہودی کمیٹی‘ (AJC) کے ایک وفد کی شرکت بھی عمل میں آئی، اس کے علاوہ فورم کے اندرونی حلقوں میں سرکاری اور سکیورٹی سطح پر باضابطہ ملاقاتیں بھی منعقد ہوئیں، جن میں اسرائیلی عہدیداروں اور بحرینی وزراء و ذمہ داران کے مابین ہونے والی ملاقاتیں شامل ہیں، اور اس کے علاوہ منامہ میں قابض ریاست کے ناظم الامور اور انڈونیشیا کے وزیر دفاع کے درمیان ہونے والی ملاقات بھی اس کا حصہ تھی۔
قابض ریاست کے جرائم پر پردہ ڈالنے کی مخالفت
تحریک بائیکاٹ اور ’خلیجی اتحاد برائے انسدادِ نارملائزیشن ‘ نے اس بات پر شدید زور دیا کہ ’منامہ ڈائیلاگ‘ ایسی شخصیات اور اداروں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جو بیان کے مطابق فلسطینی عوام اور خطے کے عوام کے خلاف ہونے والے جرائم کی توجیہہ پیش کرنے میں ملوث ہیں، تاکہ وہ فیصلہ سازوں، سفارت کاروں، ماہرینِ تعلیم، کالم نگاروں اور کاروباری شخصیات سے مل سکیں۔
ان قوتوں کا خیال ہے کہ ان شخصیات کی میزبانی قابض ریاست اور اس کے آلات کو سیاسی اور سکیورٹی سطح پر اپنے وجود کو معمول پر لانے، فلسطینیوں کو درپیش جرائم اور خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنے، اور خطے کی سلامتی اور مستقبل سے متعلق مباحثوں کو قابض ریاست کو اس کے عرب ماحول میں دوبارہ ضم کرنے کا دروازہ بنانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
بائیکاٹ کو وسیع کرنے کی اپیلیں
بیان میں خطے کے عرب عوام، سول سوسائٹی کے اداروں، پیشہ ورانہ یونینوں، تعلیمی حلقوں اور نجی شعبے سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس فورم میں شرکت کی دعوتوں کو مسترد کر دیں، اور اس کے بائیکاٹ اور قابض ریاست کے نمائندوں اور اس کی حمایت کرنے والے عناصر کو تنہا کرنے کے لیے پرامن عوامی دباؤ کی مہمات کو تیز کریں۔
نارملائزیشن کی مخالفت کرنے والی قوتوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے پلیٹ فارمز میں قابض ریاست کے نمائندوں کی مسلسل میزبانی فلسطینیوں اور خطے کے عوام کے خلاف کیے جانے والے جرائم کے حجم سے متصادم ہے، اور اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ قابض ریاست کے نمائندوں اور جنہیں انہوں نے جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا ہے، کے لیے دروازے بند کر دیے جائیں، اور انہیں خطے کی سلامتی اور مستقبل سے متعلق مباحثوں میں حصہ لینے کا کوئی موقع فراہم نہ کیا جائے۔
