گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے قریب ایک فلسطینی کی شہادت کو 24 گھنٹے بھی نہ گزر پائے تھے کہ ظالم صہیونی فوج نے الخلیل میں مزید ایک فلسطینی نوجوان کو چیک پوسٹ پر روکا اور اندھا دھند فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ شہید شحدہ حسن محمد کرجہ (الاقرط) کا تعلق الخلیل کے شمالی علاقے حلحول سے تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق محنت مزدوری کر کے اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالنے والا الاقرط حسب معمول علی الصبح اپنے کام پر جا رہا تھا کہ درندہ صفت اسرائیلی فوج نے اسے ایک چیک پوائنٹ پر روکا اور بغیر کسی وجہ کے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ الخلیل کے مقامی ہسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ شہید کا جسد خاکی ان کے پاس موجود ہے۔واضح رہے کہ نوجوان الاقرط کی شہادت سے ایک روز قبل عز الدین الکوازبہ نامی فلسطینی مزدور بھی اسرائیلی سرحدی محافظ کی فائرنگ کا شکار ہوگئے۔ الکوازبہ تعصب کی بنیاد قائم کی گئی نسلی دیوار عبور کر کے محنت مزدوری کے لیے القدس میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔