اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے اسرائیل کو یہودی ریاست قرار دلوانے کا معاملہ سرد خانے میں نہیں ڈالیں گے اور نہ ہی فلسطینی اتھارٹی کو اس معاملے کو فراموش کرنے کی اجازت دی جائے گی. انہوں نے متنازعہ فلسطینی صدر محمودعباس سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو یہودیوں کا قومی وطن تسلیم کرنے کے بارے میں کھل کر اپنا موقف واضح کریں اور یہ بتائیں کہ آیا وہ اسرائیل کو یہودیوں کا ملک تسلیم کرتے ہیں یا نہیں. اسرائیلی ریڈیو کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار امریکا میں یہودی تنظیموں کےایک سربراہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا. ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ مذاکرات میں اسرائیل کو یہودی ریاست کے طور پر تسلیم کرانے کے معاملےکو نظرانداز نہیں کرے گا. انہوں نے محمود عباس پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو یہودیوں کا قومی وطن تسلیم کرنے کے معاملے میں پس و پیش سے کام نہ لیں بلکہ کھل کراسرائیل کو یہودی ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کریں. ممکنہ فلسطینی ریاست سے متعلق ایک اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور اس پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی.اسرائیل غرب اردن کے علاقے میں فلسطینی سرحد پر فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ مشترکہ سیکیورٹی کنٹرول قائم کرے گا.