مقبوضہ مغربی کنارے میں عباس ملیشیا نے اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے خلاف اپنی پکڑ دھکڑ مہم تیز کرتے ہوئے تحریک کے ساٹھ سے زائد رہنماؤں اور حامیوں کو اغوا کر لیا۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق الخلیل میں سب سے زیادہ حماس کے 23 کارکن اغوا کیے گئے۔ سلفیت سے 12 کارکن عباس ملیشیا کے ہتھے چڑھے۔ طولکرم سے 11، طوباس سے 08، رام اللہ سے 01، نابلس سے 01 اور جنین سے 02 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ بغیر کسی وجہ سے گرفتار کیے جانے والے حماس کے حامیوں میں سے اکثر اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے فلسطینی ہیں۔ اغوا کیے گئے افراد کو فوری طور پر ملیشیا کے عقوبت خانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان پر بدترین تشدد کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔