مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے دو مکانات پر قبضہ کر لیا ہے. ان میں سے ایک مکان یہودی کالونی”کریات اربع” کے قریب واقع ہے. الخلیل کے مقامی ذرائع سے مرکز اطلاعات فلسطین کو موصولہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے شہر کے مرکز میں فلسطینی شہریوں نعمان شبانہ اور سالم السلائمہ کے مکانات پر قبضہ کر لیا. یہ دونوں مکانات گذشتہ ہفتے القسام بریگیڈ کے مزاحمت کاروں کے حملے میں چار یہودی آبادکاروں کی جائے ہلاکت کےقریب واقع ہیں. عینی شاہدین کے مطابق قابض فوج نے جمعہ کے روز ان دونوں مکانوں پر حملہ کیا اور گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو جبراً باہر نکال دیا.قابض فوجیوں نے گھر کا سامان بھی نکال کر باہر پھینک دیا اور مالکان کو اندر آنے سے سختی منع کر دیا گیا ہے. تاحال یہ دونوں مکان اسرائیلی فوج کی تحویل میں ہیں.