نابلس میں النجاح یونیورسٹی میں شعبہ سیاسات کے ڈین اور معروف سیاسی تجزیہ نگار پروفیسر عبدالستار قاسم نےکہا ہے کہ متنازعہ فلسطینی صدر محمود عباس عوام کے مطالبے پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔ عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کی ویب سائٹ پر جاری ان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محمود عباس اور اس کے حواریوں کو فلسطینی عوام کی حمایت حاصل نہیں تاہم انہیں بیرونی طاقتوں کے سرپرستی حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ اس وقت تک اپنے اقتدار کو محفوظ سمجھیں گے جب تک انہیں بیرونی امداد حاصل رہے گی۔ عبدالستار قاسم کا کہنا تھا کہ محمود عباس اور اس کے مشیر صرف دوسروں سے استعفے لے سکتے ہیں ان میں قومی مفاد کے لیے استعفے دینے کی جرات نہیں۔ فلسطینی تجزیہ نگار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کےجنگی جرائم کے حوالے سے اقوام متحدہ کی گولڈ سٹون رپورٹ پربحث روک کر محمود عباس نے اپنے لیے ذلت کا سودا کیا تاہم امریکا اور اسرائیل محمود عباس کو ذلت سے بچانے کے لیے کوشاں ہیں اور انہیں اس مشکل میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ عبدالستار قاسم نے کہا کہ محمود عباس اور سلام فیاض نے مغربی کنارے کو غیرملکیوں اور صہیونیوں کی کالونی میں تبدیل کردیا ہے۔ چاروں طرف غیر ملکی دندناتے پھرتے ہیں اورشریف شہریوں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں۔