مقبوضہ مغربی کنارے میں منگل کی شام مجاہدین کے حملے میں چار یہودیوں کی ہلاکت کے بعد صدر محمود عباس کے زیرکمانڈ ملیشیا نے حماس کے خلاف نیا کریک ڈاٶن شروع کیا ہے اور راتوں رات حماس کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے. الخلیل سے حماس کے ذرائع سے مرکز اطلاعات فلسطین کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق عباس ملیشیا نے رات گئے مغربی کنارے کے کئی شہروں میں گرفتاریوں کے دوران حماس کے کم ازکم 50 کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے. ذرائع کے مطابق عباس ملیشیا نے رام اللہ، نابلس اور قلقیلیہ میں حماس کے کئی ارکان کو حراست میں لیا ہے تاہم الخلیل میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن اور گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں درجنوں افراد کوحراست میں لیا گیا ہے. ذرائع کے مطابق عباس ملیشیا کی کارروائیوں کے ساتھ الخلیل میں اسرائیلی فوج نے بھی مختلف گھروں پر حملے کیےہیں اور خواتین اوربچوں کو ہراساں کیا گیا ہے. رات گئے عباس ملیشیا نے مغربی کنارے میں مساجد میں معتکف شہریوں کی بھی تلاشی لی اور کئی مساجد کی بے حرمتی کا بھی ارتکاب کیا گیا. گرفتار ہونے والوں میں نابلس کی جامعہ النجاح کے اساتذہ اور طلبہ بھی شامل ہیں.