مقبوضہ فلسطین – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) عظیم فلسطینی تشکیلی مصور سلیمان منصور کا انتقال ہو گیا، جن کا فنی سفر تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط رہا، اور انہوں نے اس طویل عرصے میں اپنے فنی تجربے کو فلسطینی یادداشت محفوظ کرنے، ارضِ فلسطین، شناخت اور وابستگی کی عکاسی کے لیے وقف کیے رکھا۔
منصور اپنے پیچھے ایک ایسا مالا مال فنی ورثہ چھوڑ گئے ہیں جو سینکڑوں ایسی پینٹنگز پر مشتمل ہے جنہوں نے فلسطینی عوام کی سیاسی اور سماجی تبدیلیوں کا ساتھ دیا، انہوں نے فن کو یادداشت کی حفاظت اور زمین و شناخت کے ساتھ وابستگی کا اظہار کرنے کا ایک موثر ذریعہ بنا دیا۔
“جمل المحامل” (بوجھ اٹھانے والا اونٹ) نامی پینٹنگ، جس کا پہلا نسخہ منصور نے سنہ 1973ء میں تیار کیا تھا، ان کے سب سے مشہور اور فلسطینی یادداشت میں نمایاں ترین رہنے والے کاموں میں سرفہرست رہی، اور یہ اس فلسطینی کی علامت بن گئی جو جہاں بھی جائے اپنے وطن اور اپنے کاز کو اٹھائے پھرتا ہے۔
اس پینٹنگ نے روایتی فلسطینی لباس پہنے ہوئے ایک ایسے بوڑھے شخص کی منظرکشی کی تھی جس کی کمر جھکی ہوئی ہے اور وہ بیت المقدس کو اپنی پیٹھ پر اٹھائے ہوئے ہے، جو ایک ایسا منظر ہے جس کی تفصیلات وطن کے بوجھ، جلاوطنی کی تکالیف اور جڑوں کے ساتھ پیوستگی کی داستان بیان کرتی ہیں۔
ان کے فن میں عورت اور زمین کا تصور
منصور کے فنی تجربے میں فلسطینی خاتون نے بھرپور انداز میں جگہ پائی، وہ ان کے فن میں ایک کسان، ماں، دادی، باشعور خاتون اور ایک مجاہدہ کے روپ میں ابھریں، اس کے ساتھ ساتھ روایتی فلسطینی لباس کو بھی نمایاں مقام ملا جسے انہوں نے قومی اور ثقافتی شناخت کے بنیادی اجزاء میں سے ایک سمجھا۔
اس فنکار نے فلسطینی یادداشت میں پیوست گہرے رموز، جن میں درخت، سنگترے اور فلسطینی شہر شامل ہیں، کو زندہ کیا اور زمین، وابستگی اور جڑوں کا حوالہ دینے کے لیے انہیں اپنے کاموں میں استعمال کیا، اور اپنی پینٹنگز کو جمالیاتی قدر سے بلند کر کے دستاویز کاری اور یادداشت کے تحفظ کا ایک بلند تر بعد عطا کیا۔
فلسطینی نقوش کے ساتھ حضرت عیسیٰ علیہ السلام
اپنے تجربے کے ایک دوسرے رخ پر، منصور نے دینی علامتوں کو ایک مقامی فلسطینی پس منظر میں پیش کیا، چنانچہ انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو عربی نقوش کے ساتھ مجسم کیا، جنہوں نے فلسطینی کوفیہ پہن رکھی تھی، جو ان مغربی فنی تصاویر کے مقابلے میں اس زمین کے ساتھ ان کی تاریخی وابستگی کی تصدیق کرنے کی ایک کوشش تھی جو ہمیشہ انہیں یورپی نقوش کے ساتھ پیش کرتی رہیں۔
سلیمان منصور کی وفات سے فلسطین اپنے ایک چوٹی کے تشکیلی مصور سے محروم ہو گیا ہے، جبکہ ان کا وجود ان فن پاروں کے توسط سے زندہ و جاوید رہے گا جو محض پینٹنگز سے نکل کر فلسطینی زمین، شناخت اور یادداشت کے بصری شاہکار بن چکے ہیں۔
