کربلا (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں جاری دو روزہ پانچوی عالمی فلسطین نداء الاقصی کانفرنس بعنوان حسینی انقلاب اور فلسطینی بیانیہ، غلط معلومات کے سامنے بیانیہ کی تعمیر کے شرکاء نے فلسطین مخالف بیانیہ کے مقابلہ میں درست بیانیہ کی تشکیل کے لئے عالمی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔
پچیس جولائی کو شروع ہونے والی کانفرنس کا دوسرا دور چھبیس اگست کو جاری رہا جہاں مختلف ممالک سے آئے مندوبین نے حسینی انقلاب اور فلسطینی بیانیہ، غلط معلومات کے سامنے بیانیہ کی تعمیر کے عنوان پر اپنی اپنی آراء اور عملی تجاویز پیش کیں۔
دوسرے روز جاری رہنے والے اجلاس میں کمیٹیوں کی تشکیل کے اہم ترین اجلاس کی صدارت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کی اور مختلف کمیٹیوں کو حتمی شکل دی گئی۔ کمیٹیوں کا مشترکہ بیانیہ کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں پڑھ کر سنایا جائے گا۔
حسینی انقلاب اور فلسطینی بیانیہ، غلط معلومات کے سامنے بیانیہ کی تعمیر کمیٹی کے قیام کے مقاصد میں عالمی سطح پر نیٹ ورکنگ کے ساتھ ساتھ ایسے مواقع کی تلاش ہے جس کی مدد سے فلسطین کاز کو درست سمت اور روح کے ساتھ پیش کیا جائے۔