غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ میں مزاحمتی سکیورٹی کے ماتحت پلیٹ فارم “الحارس” کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ سکیورٹی ایجنسیوں نے قابض اسرائیل کے ایجنٹوں کے نیٹ ورک میں شامل متعدد عناصر کے اعترافی بیانات قلمبند کیے ہیں، جن سے انکشاف ہوا ہے کہ انہیں قابض اسرائیلی انٹیلیجنس کی جانب سے غزہ کی پٹی کے اندر مسلح انتشار پھیلانے اور اشتعال انگیز کارروائیاں کرنے کے احکامات موصول ہوئے تھے۔
سکیورٹی ایجنسیوں نے ان مخبروں کے اعترافی بیانات کی بنیاد پر کئی سلیپر سیلز کو غیر مؤثر بنا دیا ہے اور شہری تنصیبات اور پناہ گزین مراکز میں نصب کیے گئے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ آئندہ دنوں میں قابض اسرائیل کے ان ایجنٹوں کے اعترافی بیانات جاری کیے جائیں گے، اس کے ساتھ ساتھ ان افراد کے خلاف سزا پر عمل درآمد کیا جائے گا جو ان جرائم میں ملوث پائے گئے جن کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہریوں کی جانیں گئیں۔
ذریعے نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ اقدامات غزہ کی پٹی کے اندر قابض اسرائیل سے وابستہ سرگرمیوں کی نگرانی اور ان سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق نمٹنے کے لیے سکیورٹی ایجنسیوں کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔
