غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کے حکام نے غزہ سے تعلق رکھنے والے متعدد فلسطینی اسیران کو رہا کر دیا ہے جنہیں سات اکتوبر سنہ 2023ء کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
ہمارے نامہ نگار نے واضح کیا ہے کہ پندرہ اسیران کرم ابو سالم کراسنگ کے راستے غزہ پہنچے ہیں جہاں انہیں علاج کے لیے دیر البلح شہر کے شہداء الاقصیٰ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس عمل کے دوران ریڈ کراس کی بین الاقوامی ٹیمیں بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
سات اکتوبر سنہ 2023ء سے قابض اسرائیل غزہ پر اپنی نسل کشی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے جس میں قتل و غارت اور بھوک و افلاس اور تباہی اور جبری بے دخلی شامل ہے جبکہ قابض ریاست عالمی اپیلوں اور عالمی عدالت انصاف کے جنگ بندی کے فیصلوں کو یکسر نظر انداز کر رہی ہے۔
وزارت صحت غزہ کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ گیارہ اکتوبر سنہ 2025ء کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے ہلاکتوں کی تعداد نو سو چھیاسی شہداء اور تین ہزار ایک سو اڑتیس زخمیوں تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے علاوہ غزہ کے مختلف علاقوں سے سات سو تریاسی شہداء کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔
