اسلام آباد (مرکز اطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن ) صہیونی لابی پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئر میں علامہ ناصر عباس جعفری نے جمعہ کی شب فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم کر رہے تھے اور ان کے ہمراہ ورکنگ کمیٹی اراکین علی واصف، قاسم رضا اور محمد باقر موجود تھے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرگرمیوں کی قدر دانی کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو چاہیے کہ فلسطین کاز کی حمایت کے لئے فلسطین فاؤنڈیشن کا ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ہمیشہ مظلوموں کی حمایت میں پیش پیش ہے اور فلسطین کاز پر ہمارا دوٹوک موقف ہے کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک غاصب اور جعلی ریاست ہے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ آج پاکستان کو صہیونی لابی کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے اور عالمی اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے کہ پاکستان کو کمزور کر کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کروائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بھی پاکستانی زندہ ہے ہم یہ کام نہیں ہونے دیں گے۔ ہم فلسطین کاز پر قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے راستے پر گامزن ہیں اور قائد و اقبال کے پاکستان میں اسرائیل جیسی غاصب اور ناجائز ریاست کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پاکستان کے خلاف امریکی و اسرائیلی سازشوں کے مقابلہ میں متحد ہو کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فلسطین کے دفاع کو پاکستان کا دفاع قرار دیا۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے چئیر مین مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی۔