Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

غزہ

تباہ حال غزہ میں ایک ہزار طلبہ و طالبات نے حفظِ قرآن کی تکمیل پر اعزاز حاصل کر لیا

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) ایک ایسے منظر میں جہاں فخر و اعزاز کے جذبات جنگ کے درد اور اس کے اثرات کے ساتھ گھل مل گئے تھے، غزہ شہر میں وزارت اوقاف و مذہبی امور کے زیر اہتمام اور الجزائر کی البرکہ ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقدہ قرآنی مارچ اور اعزازی تقریب کے دوران ایک ہزار حفاظ و حافظات کی دستار بندی کا جشن منایا گیا۔ اس تقریب نے محض ایک مذہبی کامیابی کے جشن سے بڑھ کر یہ پیغام دیا کہ تباہی، بے گھری اور کٹھن انسانی حالات کے باوجود غزہ کی پٹی میں قرآنی اور تعلیمی زندگی بدستور رواں دواں ہے۔

قرآن کریم کے حفاظ و حافظات نے غزہ شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں ایک قرآنی مارچ کیا جو تباہ شدہ عمارتوں کے درمیان اور جنگ کے نتیجے میں ملبے کا ڈھیر بننے والے گھروں اور تنصیبات کے سامنے سے گزرا۔ شرکا نے فلسطینی پرچم اوڑھ رکھے تھے اور وہ ایک ایسا پیغام اٹھائے ہوئے تھے جو غزہ کے معاشرے کی کتاب اللہ سے گہری وابستگی اور غزہ کی پٹی پر آنے والی آفتوں کے باوجود حفظ و تعلیم قرآن کا سفر جاری رکھنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی جانب سے ریکارڈ کیے گئے مناظر میں حفاظ اور حافظات کی بڑی تعداد کو مارچ میں شریک دکھایا گیا جو ایک ایسی تصویر پیش کر رہا تھا جس میں غزہ کے شہریوں کی روزمرہ زندگی میں قرآن کریم کی موجودگی اور مکینوں کو درپیش غیر معمولی حالات کے باوجود مذہبی و تربیتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کے مظاہر یکجا ہو گئے تھے۔

صبر اور محنت کی ایک ہزار داستانیں

وزارت اوقاف و مذہبی امور نے ان ایک ہزار حفاظ و حافظات کے اعزاز میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جنہوں نے سنہ 2026ء کا قومی امتحان حفظ قرآن کامیابی سے پاس کیا۔ یہ قافلہ الجزائر کے صوبہ البویرہ میں البرکہ ایسوسی ایشن کے صوبائی دفتر کے مرحوم سربراہ استاد عیسیٰ السایح کے نام سے منسوب تھا۔

تقریب میں انڈر سیکریٹری کی نمائندگی کرتے ہوئے وزارت میں شرعی تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد سالم، قرآن و سنت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد الغلبان، الجزائر کی البرکہ ایسوسی ایشن کے سربراہ شادی جنینہ، ان کے نائب حاتم الیازجی کے علاوہ مذہبی و معزز شخصیات اور فارغ التحصیل طلبہ کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

محمد سالم نے کہا کہ یہ تقریب محض ایک ہزار حفاظ و حافظات کو اعزاز دینے کی حدود سے آگے بڑھ کر صبر و استقامت کی ایک ہزار داستانوں اور ایک ہزار ایمانی و تربیتی منصوبوں کا جشن منا رہی ہے اور کتاب اللہ کی خدمت و تعلیم کے لیے جاری مسلسل کوششوں کے ثمرات کو مجسم کرتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غیر معمولی حالات اور بڑے چیلنجوں کے باوجود فلسطین میں قرآن کریم کا سفر جاری و ساری ہے۔ انہوں نے دعوت و ارشاد، قرآن کریم کی سرپرستی اور شرعی تعلیم کے فروغ کے شعبوں میں وزارت کی کوششوں کے تسلسل کی طرف بھی اشارہ کیا۔

انہوں نے حفاظ اور حافظات پر زور دیا کہ وہ تکمیل حفظ کو راستے کی انتہا نہ سمجھیں بلکہ اسے قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے، انہیں سمجھنے اور ان پر تدبر کرنے کے سفر کا آغاز بنائیں۔ انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرپرستی جاری رکھیں اور انہیں دہرائی و پختگی کی ترغیب دیتے رہیں۔

غزہ میں قرآنی سفر میں الجزائر کی شمولیت

دوسری جانب الجزائر کی البرکہ ایسوسی ایشن کے سربراہ شادی جنینہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایک ہزار حفاظ و حافظات کی تکریم فخر و اعزاز کا باعث ہے اور یہ جنگ، تباہی اور بے گھری کا سامنا کرنے والے اہل غزہ کی عظمت اور استقامت کی عملی تصویر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ کامیابی ایسوسی ایشن اور وزارت اوقاف کے درمیان مشترکہ تعاون کا ثمر ہے اور اس بات کی تصدیق کی کہ ایسوسی ایشن غزہ کی پٹی میں حفاظ کتاب اللہ کی سرپرستی اور قرآنی منصوبوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

وزارت اوقاف کے عہدیداروں نے الجزائر کی حمایت کو سراہتے ہوئے نشاندہی کی کہ ایسوسی ایشن کی جانب سے اس تقریب کی سرپرستی فلسطینی عوام کے ساتھ الجزائر کے گہرے برادرانہ تعلقات اور یکجہتی کی عکاسی کرتی ہے اور بالخصوص غزہ کی پٹی کو درپیش مشکل انسانی حالات کے سائے میں اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

ہبہ الہمص: غزہ کی پٹی میں پہلی پوزیشن

حفاظ اور حافظات کی نمائندگی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی حافظہ ہبہ الہمص نے اپنی تقریر میں اس کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہل قرآن کا جشن منانا محض اعزازات یا القابات کے حصول تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ ان دلوں کا جشن ہے جنہوں نے کتاب اللہ کو اپنا مونس اور زندگی کی راہوں میں رہنمائی کرنے والا چراغ بنا لیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قرآن کریم کا حفظ راستے کا اختتام نہیں بلکہ ایک عہد اور ذمہ داری کا آغاز ہے جس کا تقاضا ہے کہ اس کی آیات کو سمجھا جائے، اس کے احکام پر عمل کیا جائے اور اس کے اخلاق کو اپنایا جائے تاکہ قرآن حافظ کے کردار اور افعال میں جھلکتا نظر آئے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ہر حافظ کے پیچھے صبر، محنت اور دہرائی کا ایک طویل سفر ہوتا ہے جس کے پیچھے اساتذہ کی کاوشیں، والدین کی حوصلہ افزائی اور خاندانوں کی سرپرستی کارفرما ہوتی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر الجزائر کی البرکہ ایسوسی ایشن کی سرپرستی کو بھی سراہا۔

تعداد سے بڑھ کر ایک عظیم کامیابی

حفاظ کے اس قافلے کی فراغت وزارت اوقاف کی جانب سے رواں نومبر کے اوائل میں اعلان کردہ سنہ 2026ء کے قومی امتحان حفظ قرآن کے نتائج کی روشنی میں مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔

نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 1025 امیدواروں میں سے 946 حفاظ اور حافظات نے حفظ کے امتحانات کامیابی سے پاس کیے اور کامیابی کا تناسب 92.3 فیصد رہا جبکہ کامیاب ہونے والوں میں سے 601 امیدواروں نے ممتاز گریڈ حاصل کیا جن کا تناسب 63.5 فیصد ہے۔

وزارت اوقاف کے مطابق غزہ کی پٹی کی پانچوں گورنریوں میں مخصوص تشخیصی معیارات کے تحت آٹھ مرکزی خصوصی کمیٹیوں کے ذریعے امتحانات لیے گئے۔ کامیابی کے تناسب میں رفح گورنری 100 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہی جس کے بعد خانیونس 93.7 فیصد، غزہ 93 فیصد اور وسطی گورنری 91.6 فیصد رہی جبکہ شمالی گورنری میں کامیابی کا تناسب 78.8 فیصد رہا۔

حافظہ ہبہ عدنان شفیق الہمص نے 99.25 فیصد نمبروں کے ساتھ غزہ کی پٹی کی تمام گورنریوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کا تعلق رفح گورنری سے ہے اور وہ خانیونس گورنری کے تحفیظ مراکز میں زیر تعلیم ہیں۔

یہ نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ تعلیمی و مذہبی اداروں اور فلسطینی خاندانوں پر جنگ کی مسلط کردہ کٹھن صورتحال اور اس کے نتیجے میں ہونے والی بے گھری و گھروں اور تعلیمی مراکز سے محرومی کے باوجود غزہ میں قرآن کریم حفظ کرنے کا رجحان بدستور جاری ہے۔

تقریب کے اختتام پر خوشی اور فخر کے ماحول میں حفاظ و حافظات کو اعزازات سے نوازا گیا اور ان اساتذہ و خاندانوں کی کاوشوں کو سراہا گیا جنہوں نے اپنے بچوں کو اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس طرح غزہ کی سڑکوں پر یہ منظر محض ایک جشن کا مارچ یا اسناد تقسیم کرنے کی تقریب نہیں تھا بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تصویر تھی جو جنگ اور تباہی کے باوجود اپنے اداروں، اقدار اور تعلیمی و مذہبی روایات کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اور اپنی نسلوں کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ اب ان سرگرمیوں کا محض جاری رہنا ہی ایک ایسا کارنامہ بن چکا ہے جو گہرے انسانی اور سماجی معانی رکھتا ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan