رام اللہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) سنہ 2026ء کے آغاز سے اب تک یہودی آبادکاروں سے منسلک حملوں میں سات بچوں سمیت 36 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے 17 شہداء سات اجتماعی حملوں میں جام شہادت نوش کر گئے، اور ان میں سے بعض حملوں میں فلسطینی خاندانوں نے اپنے ایک سے زائد افراد کھو دیے جن میں نابلس گورنریٹ کے قصبے تل میں رمضان خاندان کے چار افراد بھی شامل ہیں۔
فلسطینی معلوماتی مرکز ’’معطی‘‘ نے اپنی ایک شماریاتی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ شہداء کی اس تعداد میں وہ فلسطینی شامل ہیں جو براہ راست یہودی آبادکاروں کی گولیوں سے شہید ہوئے، جبکہ دیگر افراد قابض اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے شہید ہوئے جو حملہ آوروں کے ہمراہ تھیں اور انہیں تحفظ فراہم کر رہی تھیں، اس کے علاوہ گاڑیوں تلے کچلے جانے اور حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث شہید ہونے والے افراد بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
اس نگرانی اور ریکارڈ میں مغربی کنارے کے نو گورنریٹس کے علاوہ سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا ایک واقعہ بھی شامل ہے۔
رام اللہ اور نابلس میں 25 شہادتیں
رام اللہ اور البیرہ گورنری میں سب سے زیادہ 15 شہادتیں ریکارڈ کی گئیں، اس کے بعد نابلس میں دس اور پھر الخلیل میں تین شہادتیں ہوئیں، اس طرح رام اللہ و البیرہ اور نابلس میں مجموعی طور پر 36 میں سے 25 شہادتیں یعنی تقریباً 70 فیصد شہادتیں واقع ہوئیں، جبکہ مارچ کا مہینہ دس شہادتوں کے ساتھ سب سے زیادہ خونریز رہا جس کے بعد جولائی میں نو شہادتیں ہوئیں۔
عمر کے لحاظ سے شہداء میں سے 20 افراد کی عمریں تیس سال سے کم تھیں جن میں اس فہرست میں شامل سات بچے بھی ہیں، اور ان میں سب سے کم عمر 13 سالہ اوس النعسان تھا جو رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع المغیر بوائز اسکول پر دھاوا بولنے کے دوران شہید ہوا۔
نابلس گورنریٹ میں رپورٹ نے قریوت گاؤں میں دو بھائیوں محمد اور فہیم معمر کی شہادت کے ساتھ ساتھ قصبے تل میں رمضان خاندان کے چار شہداء کا بھی ذکر کیا ہے۔
نومبر کے شہداء میں فضہ محمد فہیدات بھی شامل ہیں جو رواں ماہ کی 17 تاریخ کو اریحا کے مغرب میں واقع گاؤں الدیوک التحتا میں یہودی آبادکاروں کی فائرنگ سے شہید ہو گئیں۔
واضح رہے کہ اس واقعے سے تقریباً دو ہفتے قبل یہودی آبادکاروں نے اس گاؤں میں اسلحے کے زور پر آٹھ مکانات پر قبضہ کر لیا تھا۔
رواں 20 نومبر کو رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں دورا القرع کے قریب 42 سالہ حمزہ مسعود سلیم عبدو شہید ہو گئے، جہاں ایک یہودی بستی کے محافظ نے گاؤں کے نواح میں دو فلسطینیوں پر فائرنگ کر کے انہیں زخمی کر دیا تھا، جس کے بعد شہری امور کی جنرل اتھارٹی نے وزارت صحت کو حمزہ عبدو کی شہادت اور قابض حکام کی جانب سے ان کا جسد خاکی تحویل میں لیے جانے کی اطلاع دی۔
زیتون کی فصل کی کٹائی کا موسم، آبادکاروں کے حملے دوگنا ہو گئے
نسلی دیوار اور نوآبادیاتی بستیوں کے خلاف مزاحمتی کمیشن کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جن دو گورنریٹس میں ’’معطی‘‘ نے سال کے آغاز سے اب تک سب سے زیادہ شہادتیں ریکارڈ کی ہیں، گذشتہ اکتوبر کے دوران انہی دو گورنریٹس کو یہودی آبادکاروں کے حملوں کا سب سے زیادہ سامنا کرنا پڑا، کیونکہ اتھارٹی نے رام اللہ اور البیرہ میں آبادکاروں کے 393 جبکہ نابلس میں 353 حملے دستاویزی طور پر ریکارڈ کیے جو اس مہینے کے دوران مغربی کنارے میں ریکارڈ کیے گئے نصف سے زائد حملے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے حملوں کی تعداد ستمبر میں 647 سے بڑھ کر اکتوبر میں 1369 ہو گئی، جو تقریباً 112 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے اور یہ اضافہ زیتون کی فصل اتارنے کے موسم کے ساتھ پیش آیا، جس کے دوران 4498 زیتون کے درختوں کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ اتھارٹی نے فصل اتارنے کے مہینے میں پھل چوری کرنے کے 165 واقعات بھی ریکارڈ کیے۔
