مقبوضہ مغربی کنارہ (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی فوج اور انتہا پسند یہودی آبادکاروں نے گزشتہ روز اور منگل کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں حملوں اور کارروائیوں میں شدت پیدا کردی۔ ان کارروائیوں میں قصبوں اور دیہات پر چھاپے، گرفتاریوں کی مہم، مکانات اور دیگر املاک کی مسماری، راستوں کی بندش اور فلسطینی کسانوں و ان کی املاک کو نشانہ بنانا شامل ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض اسرائیلی فوج کے بلڈوزروں نے بیت المقدس کے شمال مشرق میں واقع قصبے حزما میں گاڑیوں کا ایک شوروم مسمار کردیا۔ اس سے قبل فوج نے قصبے کے داخلی اور خارجی راستے بند کرکے شہریوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت محدود کردی تھی۔
بیت المقدس ہی کے علاقے میں اسرائیلی فوج نے عناتا قصبے کے چوک کے قریب سے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
نابلس میں یہودی آبادکاروں کے ایک بڑے گروہ نے شہر کے جنوب میں واقع قصبے بیتا کے صنعتی علاقے پر حملہ کیا۔ آبادکاروں نے تین کھدائی کرنے والی مشینوں کے علاوہ پتھر تراشنے والی فیکٹریوں سے تعلق رکھنے والی متعدد گاڑیوں اور بھاری مشینری کو آگ لگا دی، جس سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔ اطلاعات کے مطابق آبادکاروں کے حملے کے دوران اسرائیلی فوج نے بھی بیتا قصبے پر دھاوا بولا۔
اسرائیلی فوج نے نابلس میں گاؤں عزموت کے شمال مشرقی علاقے میں زیتون کے کاشت کاروں کو بھی نشانہ بنایا اور ان پر آنسو گیس کے گولے اور اسٹن گرینیڈ پھینکے۔
اسرائیلی فوج نے عقبہ قصبے میں گھروں پر چھاپے مارے، جبکہ بورین گاؤں میں دکان داروں کو اپنی دکانیں بند کرنے پر مجبور کردیا۔
جنین میں اسرائیلی فوج نے عرابہ قصبے میں گھروں پر چھاپوں کے بعد نو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
طولکرم میں قابض فوج نے طولکرم پناہ گزین کیمپ اور عنبتا اور کفر اللبد قصبوں میں چھاپوں کے دوران چھ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
قلقیلیہ میں اسرائیلی فوج نے شہر کے مشرق میں واقع گاؤں اماتین میں گھروں پر چھاپے مارے، وہاں موجود سامان کی توڑ پھوڑ کی اور چار فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
قلقیلیہ ہی کے مشرق میں واقع گاؤں عزبت الطبیب میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے احتجاجی خیمے کی مسماری کا نوٹس جاری کیا۔ فوج نے دھمکی دی کہ اگر خیمہ رضاکارانہ طور پر نہ ہٹایا گیا تو فوجی بلڈوزر کے ذریعے اسے مسمار کرنے کے ساتھ اردگرد کے علاقے کو بھی تباہ کردیا جائے گا۔
الخلیل میں اسرائیلی فوج نے دورا کے جنوب مشرق میں واقع گاؤں الحجرہ میں فدا العطیری کا تقریباً 200 مربع میٹر رقبے پر مشتمل مکان مسمار کردیا۔
قابض فوج نے اسی مکان کے اطراف کی زمین بھی بلڈوزروں سے ہموار کردی، پھل دار درختوں کو جڑوں سے اکھاڑنے اور نقصان پہنچانے کے ساتھ پتھر کی باڑیں بھی تباہ کردیں، جبکہ پانی کا ایک کنواں بھی مسمار کردیا۔
دورا کے مغرب میں اسرائیلی فوج نے خربت طروسہ کی بستی میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر 12 سالہ بچے اور اس کے والد کو گرفتار کرلیا۔
اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر اور اس کے اطراف کے متعدد قصبوں اور دیہات کے داخلی راستے بھی بند کردیے، جس سے الفوار اور العروب پناہ گزین کیمپ اپنے گردونواح سے کٹ کر رہ گئے۔ فوج نے الفوار کیمپ پر بھی دھاوا بولا، جس سے خاندانوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اسرائیلی فوج نے حلحول میں نبی یونس کے علاقے کے داخلی راستے کے قریب چار نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں شدید سردی میں حراست میں رکھا۔
ایک اور واقعے میں اسرائیلی فوجیوں نے یطا کے مشرق میں برکہ الکرم کے قریب فلسطینیوں پر حملہ کیا، ایک گاڑی ضبط کرلی اور دوسری کو نقصان پہنچایا۔
قابض فوج نے مسافر یطا کے علاقے خربت الفخیت میں فوجی مشقیں بھی کیں اور اسے بند فوجی علاقہ قرار دے دیا۔
یطا کے علاقے خلۃ الحمص میں مسلح یہودی آبادکاروں نے فوجیوں اور مویشیوں کے ایک ریوڑ کے ہمراہ ایک فلسطینی خاتون کے گھر پر حملہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک آبادکار نے حملے کی ویڈیو بنانے والی خاتون کے چہرے پر تھپڑ مارا۔
اسی علاقے میں آبادکاروں نے یعقوب المصری کے ایک کھیت سے زیتون کی فصل بھی چوری کرلی، جبکہ دیگر آبادکاروں نے قصبے السموع کے مشرق میں واقع خربت الخرابہ کے زرعی کھیتوں میں اپنی بھیڑیں چھوڑ دیں، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچا۔
طوباس اور شمالی وادی اردن میں اسرائیلی فوج نے الفارعہ پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بول دیا۔ فوجیوں نے کیمپ کی گلیوں میں اپنی پوزیشنیں سنبھال لیں اور اطراف کے علاقے میں گھروں پر چھاپے مارے۔
دوسری جانب طوباس کے مشرق میں گاؤں تیاسیر کے قریب آبادکاروں کے حملے میں زیتون کی فصل جمع کرنے والا ایک فلسطینی نوجوان زخمی ہوگیا، جسے جسم پر چوٹیں آنے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا۔
آبادکاروں نے طوباس کے شمال میں واقع یرزا کی آبادی میں ایک گرین ہاؤس کو تیز دھار آلات سے کاٹ کر نقصان پہنچایا۔ انہوں نے راس الاحمر کی آبادی میں خالی خیموں کو بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا، جن کے مکینوں کو پہلے ہی بے دخل کیا جا چکا تھا۔
رام اللہ اور البیرہ گورنری میں اسرائیلی فوج نے قصبے کوبر میں اپنی کارروائیاں جاری رکھیں۔ فوجیوں نے محمد یوسف کے خاندان کو زبردستی اس کے گھر سے نکال دیا اور عمارت کو فوجی چوکی میں تبدیل کردیا۔ اس کے علاوہ قریبی چھ گھروں پر چھاپے مارے اور آنسو گیس کے گولے فائر کیے۔
اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے گاؤں کفر مالک پر بھی دھاوا بولا۔ اس دوران گاؤں کے مضافات میں آبادکاروں کے حملے کے خلاف مقامی شہریوں کی مزاحمت کے بعد فوجیوں نے زندہ گولیاں اور آنسو گیس استعمال کی۔
رام اللہ کے دیگر قصبوں اور دیہات میں بھی اسرائیلی فوج کے چھاپے جاری رہے۔ دوسری جانب آبادکاروں نے گورنری کے مشرق میں سلوان کے قبرستان کے قریب زیتون کے کاشت کاروں پر حملہ کیا اور انہیں اپنے باغات سے نکل جانے پر مجبور کردیا۔
بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے تقوع قصبے پر چھاپے کے دوران ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ فوجیوں نے بیت فجار قصبے پر بھی دھاوا بولا اور اس کی مختلف سڑکوں پر تعینات ہوگئے۔