Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

عالمی خبریں

غزہ میں سردی اور پناہ گاہوں کی قلت پر ترکیہ کی وزارتِ دفاع کا انتباہ

انقرہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) ترک وزارت دفاع نے کہا ہے کہ سردی کی شدت میں اضافے اور امداد کے داخلے پر اسرائیلی پابندیوں کے تسلسل کے باعث غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی رہائش اور پناہ گاہوں کی ضروریات انتہائی نازک مرحلے پر پہنچ چکی ہیں، جبکہ بے گھر خاندانوں کے پاس بارشوں سے بچاؤ کے لیے کوئی سامان موجود نہیں ہے۔

وزارت دفاع کے ترجمان ذکی آق ترک نے انقرہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران اس امر کی تصدیق کی کہ غزہ کی پٹی میں پہنچنے والی غذائی امداد آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے، اور امدادی سامان کے داخلے پر عائد پابندیاں ان خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہیں جنہیں سر چھپانے کی جگہ اور سردیوں کے لوازمات کی اشد ضرورت ہے۔

آق ترک نے واضح کیا کہ مسلسل اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں فلسطینی شہداء کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ آباد کاروں کی جارحیت کے باعث فلسطینیوں کو اپنی ہی سرزمین پر ظلم و ستم کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قابض ریاست خطے میں عدم استحکام کی صورتحال سے فائدہ اٹھا رہی ہے اور اس کے اقدامات عالمی قانون پر اعتماد کو متزلزل کر رہے ہیں، لہٰذا عالمی برادری کو اس کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔

ترجمان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کی جانب سے اس قرارداد کے مسودے کی منظوری کا خیرمقدم کیا جس میں فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ان کی آزاد ریاست کے قیام کی توثیق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 19 نومبر کو 162 ممالک نے اس مسودے کے حق میں ووٹ دیا جبکہ آٹھ ممالک نے اس کی مخالفت کی اور آٹھ ممالک ووٹنگ کے عمل سے غیر حاضر رہے۔

غزہ میں بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث بے گھر افراد کے ہزاروں خیمے متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں کام کرنے والی انسانی ہمدردی کی ٹیم نے رواں ماہ 13 نومبر کو بتایا تھا کہ امدادی اداروں اور عطیہ دہندہ ممالک کی جانب سے خریدے گئے ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد خیمے تاحال غزہ کی پٹی سے باہر رکے ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر مصر کے شہر العریش میں موجود ہیں۔

ٹیم نے خبردار کیا تھا کہ موسمی دباؤ اور بارشوں کے دوران ہزاروں خاندانی پناہ گاہوں کے زیر آب آنے، پھٹ جانے یا بہہ جانے کا شدید خطرہ ہے، اور مطالبہ کیا تھا کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے آلات کے ساتھ ساتھ خیموں، کمبلوں، گرم کپڑوں اور حرارت فراہم کرنے والے ذرائع کے داخلے کو تیز کیا جائے۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور اوچا نے رواں ماہ 18 نومبر کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا کہ رسائی پر پابندیوں اور سامان و آلات کی قلت کے ساتھ ساتھ فنڈنگ کی مشکلات اور سکیورٹی خطرات غزہ میں امدادی کارروائیوں میں بدستور رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں عالمی ادارہ برائے مہاجرت اور عالمی خوراک پروگرام نے رواں ماہ 16 نومبر کو خبردار کیا تھا کہ اگر انسانی امداد کی فراہمی مطلوبہ سطح پر جاری نہ رہی تو سنہ 2026ء کے اختتام تک تقریباً انیس لاکھ افراد یعنی غزہ کی پٹی کی تقریباً نوے فیصد آبادی شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہو سکتی ہے۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan