رفح – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے عملے کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے انجام دی گئی انخلا کی کارروائی کے تحت 11 مریض اور 11 تیماردار علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی غرض سے رفح زمینی گزرگاہ کے راستے غزہ کی پٹی سے روانہ ہو گئے۔
ہلال احمر کے عملے نے انخلا کے عمل کے دوران مریضوں کی سلامتی کو یقینی بنانے اور انہیں نگہداشت فراہم کرنے کے لیے سوسائٹی کے زیر انتظام المواصی فیلڈ اسپتال کے اندر ضروری طبی و انسانی خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں روانگی کے لیے تیار کیا اور ان کے تمام انتظامات مکمل کیے۔
یہ اقدام مریضوں اور زخمیوں کے سفر پر عائد مسلسل پابندیوں اور غزہ کی پٹی میں بڑھتے ہوئے طبی بحران کے سائے میں سامنے آیا ہے جہاں ادویات، طبی لوازمات اور آلات کی قلت کے علاوہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کے باعث اسپتال متعدد خصوصی طبی خدمات اور علاج معالجہ فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 21 ہزار سے زائد مریض، جنہوں نے طبی منتقلی کی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں، اب بھی علاج کے لیے بیرون ملک سفر کی اجازت کے منتظر ہیں جن میں تقریباً 5200 بچے اور کینسر کے 2800 مریض شامل ہیں جبکہ 161 سے زائد انتہائی ہنگامی نوعیت کے مریضوں کو ان کی جان بچانے کے لیے فوری انخلا کی ضرورت ہے۔
تاخیر کی سنگینی کے ایک اشارے کے طور پر وزارت صحت کے انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر زاہر الوحیدی نے اعلان کیا کہ گذشتہ اکتوبر کے دوران طبی انخلا کے موقع کا انتظار کرتے ہوئے 22 سے زائد مریض دم توڑ گئے جن میں کینسر کے 15 مریض شامل تھے جبکہ اسی ماہ کے دوران محض تقریباً 200 مریض ہی غزہ کی پٹی سے باہر جا سکے۔
اس سے قبل وزارت صحت کی طبی منتقلی کمیٹی نے گذشتہ 29 اکتوبر کو انکشاف کیا تھا کہ فروری سے اب تک علاج کے لیے بیرون ملک جانے والے مریضوں اور زخمیوں کی مجموعی تعداد 3056 رہی جن میں سے 2614 رفح گزرگاہ اور 442 کرم ابو سالم گزرگاہ کے راستے روانہ ہوئے جبکہ اس کے مقابلے میں 21 ہزار 468 مریض انتظار کی فہرستوں میں شامل ہیں جن میں 6430 ایسے مریض ہیں جنہیں سفر کے لیے اولین ترجیح حاصل ہے۔
وزارت صحت نے مریضوں اور زخمیوں کی آمد و رفت کے لیے رفح گزرگاہ کھولنے، بغیر کسی پابندی یا انتظامی پیچیدگیوں کے ان کی روانگی میں آسانی پیدا کرنے اور روزانہ سفر کرنے والوں کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ دہرایا ہے تاکہ انتظار کی فہرستوں کو کم کیا جا سکے اور ان تشویشناک مریضوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں جو علاج میں مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
