Connect with us

اسرائیل کی تباہی میں اتنا وقت باقی ہے

  • دن
  • گھنٹے
  • منٹ
  • سیکنڈز

غزہ

عالمی خاموشی کی قیمت فلسطینی عوام اکیلے ادا نہیں کرتے رہیں گے: فلسطینی مزاحمت

غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی مزاحمتی دھڑوں نے غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی جارحیت اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے تسلسل پر خبردار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ فلسطینی عوام عالمی خاموشی کی قیمت اکیلے نہیں چکاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کو قتل و غارت، محاصرے اور بھوک کے تسلسل کی آڑ بننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مزاحمتی دھڑوں نے جمعہ کے روز جاری کردہ ایک اخباری بیان میں اس بات پر زور دیا کہ قابض اسرائیلی قائدین قتل عام اور مسلسل جارحیت کے جرائم کا جواز پیش کرنے کے لیے جو بہانے تراش رہے ہیں، وہ محض معاہدے کی دانستہ خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنے اور اس کے تقاضوں و ذمہ داریوں سے فرار اختیار کرنے کی کوششیں ہیں۔

دھڑوں نے عالمی فریقین کی خاموشی کے سائے میں فلسطینی خون کی مسلسل ارزانی کو قبول کرنے سے دوٹوک انکار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ جنگ بندی محض نمائشی نہیں ہو سکتی جبکہ زمینی حقائق یہ ہیں کہ فلسطینی عوام کے خلاف حملے اور جرائم بدستور جاری ہیں۔

بیان میں امن کونسل، ثالثوں اور معاہدے کے ضامن فریقین سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری اور سنجیدہ اقدام کریں، اور قابض اسرائیل کو اس کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرانے نیز غزہ کی پٹی میں جاری جرائم رکوانے کے لیے واضح اور پابند بنانے والا لائحہ عمل وضع کریں۔

مزاحمتی دھڑوں نے متنبہ کیا کہ عالمی دباؤ اور عملی اقدامات کی عدم موجودگی میں جارحیت کا تسلسل جنگ بندی معاہدے کو اس کی روح سے محروم کر دے گا اور اسے حملوں کے حقیقی خاتمے کا دروازہ بنانے کے بجائے جارحیت جاری رکھنے کی چھتری میں تبدیل کر دے گا۔

واضح رہے کہ مزاحمتی دھڑوں کا یہ موقف تحریک حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ کے جمعرات کے روز دیے گئے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ کی پٹی میں اسرائیلی قتل عام اور محاصرے کے تسلسل کو مسترد کرتے ہوئے زور دیا تھا کہ فلسطینی خون نہایت قیمتی ہے اور قابض اسرائیل کے جرائم پر امن کونسل و ضامن ممالک کی خاموشی ناقابل قبول ہے۔

خلیل الحیہ نے واضح کیا تھا کہ حماس غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر جاری قتل کی پالیسی اور مسلسل اسرائیلی خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے طریقہ کار پر غور کرنے کے لیے فلسطینی قوتوں اور دھڑوں سے مشاورت کر رہی ہے، اور انہوں نے اس امر پر زور دیا تھا کہ ایسے نمائشی جنگ بندی اعلان کو قبول نہیں کیا جا سکتا جس کی آڑ میں عملاً قتل و غارت اور محاصرہ جاری رہے۔

غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے والے حملوں اور آبادی کے بگڑتے ہوئے انسانی و معاشی حالات کے درمیان 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو نافذ العمل ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سنہ 2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی مجموعی تعداد بڑھ کر 74,772 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1,76,298 تک جا پہنچی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 11 اکتوبر سنہ 2025ء کو جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے بعد سے اب تک شہداء کی تعداد تقریباً 1,705 اور زخمیوں کی تعداد 6,163 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ملبے تلے سے 851 شہداء کے جسد خاکی نکالے جا چکے ہیں۔

قابض افواج مسلسل 414ویں روز بھی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ دوسری جانب جنگ کے تباہ کن اثرات برقرار ہیں جنہوں نے گھروں، عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر تباہ کر دیا ہے، اور امداد و بنیادی ضروریات کے سامان کے داخلے پر عائد پابندیوں کے باعث تقریباً بیس لاکھ فلسطینیوں کے انسانی حالات انتہائی ابتر ہو چکے ہیں۔

Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Copyright © 2018 PLF Pakistan. Designed & Maintained By: Creative Hub Pakistan