مقبوضہ مغربی کنارہ/ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطین انفارمیشن سینٹر معطیٰ نے رواں نومبر کی 13 سے 19 تاریخ کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں مزاحمت کی 85 کارروائیاں ریکارڈ کی ہیں، جو قابض افواج اور غیر قانونی آباد کاروں کے ساتھ جاری جھڑپوں اور مسلسل حملوں کے خلاف عوامی غم و غصے میں اضافے کی علامت ہے۔
مرکز کے مطابق ریکارڈ کی گئی کارروائیوں میں قابض افواج اور غیر قانونی آباد کاروں کے ساتھ 73 جھڑپیں، غیر قانونی آباد کاروں کے حملوں کے خلاف مزاحمت کے 7 واقعات، غیر قانونی آباد کاروں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے 3 واقعات اور گاڑی چڑھانے کی ایک کارروائی کے علاوہ مختلف علاقوں میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے شامل ہیں۔
یہ پیش رفت مغربی کنارے میں غیر قانونی آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں اور قابض اسرائیل کے چھاپوں و فوجی کارروائیوں کے دائرہ کار میں وسعت کے سائے میں سامنے آئی ہے، جس کے ساتھ ہی فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں سخت کی جا رہی ہیں اور رہائشی آبادیوں و کسانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اسی تناظر میں 10 سے 16 نومبر کے درمیانی عرصے کے دوران 30 فلسطینی آبادیوں میں غیر قانونی آباد کاروں کے 40 حملے ریکارڈ کیے گئے جن کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات ہوئے، جبکہ رواں سال کے آغاز سے ان کے حملوں کی ہفتہ وار اوسط 53 حملوں تک پہنچ گئی ہے۔
اس عرصے کے دوران ہونے والے حملوں کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 62 فلسطینی زخمی ہوئے جن میں سے 38 غیر قانونی آباد کاروں کے ہاتھوں اور 24 قابض افواج کی فائرنگ سے زخمی ہوئے، اس کے علاوہ 31 بچوں سمیت 68 فلسطینیوں کو جبری طور پر بے گھر کیا گیا۔
حملوں اور فوجی پابندیوں کے اثرات جبری بے دخلی کی کارروائیوں تک پھیل گئے ہیں، چنانچہ رواں سال کے آغاز سے اب تک مسماری کی کارروائیوں، غیر قانونی آباد کاروں کی خلاف ورزیوں و جرائم، نقل و حرکت پر عائد پابندیوں اور انخلا کی کارروائیوں کے نتیجے میں مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 5150 افراد سے تجاوز کر گئی ہے۔
گذشتہ اکتوبر کے مہینے میں غیر قانونی آباد کاروں کے حملوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جہاں پورے مہینے کے دوران 457 حملے دستاویزی شکل میں محفوظ کیے گئے، جو سنہ 2006ء میں ان حملوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کے آغاز سے اب تک کی بلند ترین ماہانہ تعداد ہے۔
یہ صورتحال زیتون کی چنائی کے موسم کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر سامنے آئی جس کے دوران فلسطینی کسانوں کو بار بار نشانہ بنایا گیا، انہیں اپنی زمینوں تک پہنچنے سے روکا گیا اور ان کی فصلوں پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ درختوں اور زرعی آلات کو تباہ کیا گیا۔
یہ حقائق مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں فلسطینی آبادیوں پر جاری قابض اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور مسلسل خلاف ورزیوں کے درمیان جھڑپوں، مزاحمتی کارروائیوں اور غیر قانونی آباد کاروں کے حملوں میں بیک وقت ہونے والے اضافے کی عکاسی کرتے ہیں۔
