غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیل کی ایک نام نہاد عدالت نے جمعرات کے روز شمالی غزہ کی پٹی کے کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر فلسطینی ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی حراست میں بغیر کوئی الزام عائد کیے مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی ہے، حالانکہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے ان کی بگڑتی ہوئی صحت اور حراست کے حالات پر شدید خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کے وکیل کے بیان کے مطابق بئر السبع میں قائم قابض اسرائیلی عدالت نے ان کی حراست میں مزید چھ ماہ کی توسیع کا فیصلہ سنایا اور ان پر کوئی فرد جرم عائد نہیں کی گئی، حالانکہ 27 دسمبر سنہ 2024ء کو ان کی گرفتاری کو تقریباً دو برس گزر چکے ہیں۔
وکیل ناصر عودہ کے مطابق عدالت نے دفاع کی درخواست کے جواب میں محض اتنا کہنے پر اکتفا کیا کہ موجودہ وقت میں ڈاکٹر حسام کی رہائی قابض اسرائیل کی ریاست کے لیے خطرہ ہے، ان کی حراست کے کٹھن حالات نیز ضروری طبی نگہداشت و علاج سے محرومی کا کوئی لحاظ کیے بغیر ان کی رہائی کی درخواست مسترد کر دی۔
دوسری جانب ڈاکٹر حسام نے اپنے حراستی حکم کی دوبارہ تجدید کی وجہ پر سوال اٹھاتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ انہیں شمالی غزہ کی پٹی کے کمال عدوان ہسپتال کے اندر ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے اپنا انسانی پیغام اور پیشہ ورانہ فرض ادا کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔
انہوں نے اپنے اہل خانہ سے شدید محبت و اشتیاق کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ طویل عرصے کی قید و بند اور تکالیف کے بعد انہیں مزید چھ ماہ تک اپنے خاندان سے دور رہنے پر کیوں مجبور کیا جا رہا ہے۔
ادھر تنظیم ڈاکٹرز فار ہیومن رائٹس –یک بیان میں اعلان کیا کہ بئر السبع شہر کی ایک عدالت نے دسمبر سنہ 2024ء میں ابو صفیہ کی گرفتاری کے تقریباً دو سال بعد ان کی حراست میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
تنظیم کے مطابق عدالت نے ان کے وکیل ناصر عودہ کے نقل کردہ بیان کے مطابق انہیں قابض ریاست کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کی درخواست مسترد کر دی، جبکہ اس وقت ان کی صحت کی صورتحال اور حراست کے سخت حالات کے حوالے سے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں۔
طبی معائنے اور ڈاکٹروں کی رہائی سے انکار
اس سے قبل قابض اسرائیلی اور فلسطینی انسانی حقوق کے اداروں نے خبردار کیا تھا کہ غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے درجنوں ڈاکٹروں کی بغیر کسی الزام کے مسلسل گرفتاری کے سائے میں ابو صفیہ سمیت فلسطینی ڈاکٹروں کو قابض اسرائیل کی جیلوں کے اندر بدسلوکی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے 27 دسمبر سنہ 2024ء کو شمالی غزہ کی پٹی میں کمال عدوان اسپتال پر دھاوا بولنے کے دوران ابو صفیہ کو گرفتار کیا تھا۔
اسی تناظر میں تنظیم ڈاکٹرز فار ہیومن رائٹس کے مطابق اللد کی قابض اسرائیلی مرکزی عدالت نے ان کی صحت کی صورتحال کے بارے میں تشویشناک علامات موجود ہونے کے باوجود ان کا آزادانہ طبی معائنہ کرانے اور دوسری طبی رائے حاصل کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
اسی طرح قابض اسرائیل کی سپریم کورٹ نے بھی گذشتہ 11 جون کو غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے 14 فلسطینی ڈاکٹروں کی رہائی کی درخواست مسترد کر دی تھی جن میں اسپتالوں کے ڈائریکٹر اور ماہر ڈاکٹر شامل ہیں، حالانکہ انہیں بغیر کوئی الزام عائد کیے یا عدالت میں پیش کیے مسلسل قید رکھا گیا ہے۔
حقوق انسانی کی تنظیم نے اس وقت واضح کیا تھا کہ ڈاکٹروں کو غیر قانونی جنگجوؤں کے قانون کے تحت حراست میں رکھا گیا ہے جسے قابض حکام اس زمرے میں شمار کیے جانے والے افراد کے خلاف غیر معینہ مدت کے لیے حراستی احکامات جاری کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
بغیر مقدمہ چلائے حراست کی اجازت دینے والا قانون
قابض اسرائیلی ریاست نے سنہ 2002ء میں غیر قانونی جنگجوؤں کا قانون نافذ کیا تھا جو آرمی چیف اور وزیر جنگ کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ ایسے افراد کے خلاف غیر معینہ مدت کے حراستی احکامات جاری کریں جنہیں قابض حکام غیر قانونی جنگجو تصور کرتے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق قابض اسرائیل کی جیلوں میں تقریباً 9350 فلسطینی قیدی پابند سلاسل ہیں جن میں 350 بچے اور 90 خواتین قیدی شامل ہیں، اور انہیں تشدد، فاقہ کشی اور طبی غفلت کا سامنا ہے، جن خلاف ورزیوں کے نتیجے میں درجنوں قیدی شہید ہو چکے ہیں۔
