نیو یارک – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر حکیم جیفریز کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت فلسطینیوں کے خلاف دہشت گردانہ جرائم اور حملوں میں ملوث یہودی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تاہم انہوں نے اس اقدام کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سے آگے بڑھ کر اسرائیل کو فراہم کی جانے والی امریکی فوجی امداد کے حوالے سے بھی عملی اقدامات کرے۔
ممدانی نے کہا کہ یہودی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کرنا نوآبادیاتی بستیوں کے منصوبے کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مثبت قدم ہے، جو فلسطینیوں کی زندگیوں اور ان کے ذرائع معاش کو نقصان پہنچا رہا ہے، لیکن انہوں نے اسرائیل کی عسکری حمایت میں امریکی کردار کا تدارک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا: ’’نوآبادیاتی بستیوں کے منصوبے پر پابندیاں عائد کرنے کے لیے یہ ایک مثبت قدم ہے جو متعدد فلسطینیوں کی زندگی اور روزگار کو نقصان پہنچا رہا ہے، لیکن ہمیں اس سے آگے جانا چاہیے، اور اس حقیقت کا بھی سامنا کرنا چاہیے کہ ہمارے ملک نے مختلف ادوار حکومت میں اربوں ڈالر سے فلسطینیوں کی اسرائیلی نسل کشی کی مالی معاونت کی ہے۔ اب سمت تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے‘‘۔
واضح رہے کہ حکیم جیفریز نے آئندہ جنوری میں منعقد ہونے والے نئے کانگریس کے اجلاس کے ابتدائی سو دنوں کے دوران یہ بل پیش کرنے کے اپنے عزم کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد یہودی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کرنا ہے۔
ممدانی کا یہ موقف امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر اسرائیل کے تئیں واشنگٹن کی پالیسی بالخصوص فوجی امداد اور امریکی حمایت پر نظرثانی کے بڑھتے ہوئے مطالبات کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جبکہ اسی دوران مغربی کنارے میں پرتشدد کارروائیوں پر یہودی آبادکاروں کے احتساب کے مطالبات بھی زور پکڑ رہے ہیں۔
