مقبوضہ بیت المقدس – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) مقبوضہ بیت المقدس میں قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے عائد کردہ سخت فوجی اقدامات اور پابندیوں کے باوجود دسیوں ہزار فلسطینی شہریوں نے مسجد اقصیٰ مبارک کے صحنوں میں نماز جمعہ ادا کی۔
بیت المقدس میں محکمہ اوقاف اسلامی نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ دسیوں ہزار افراد مسجد اقصیٰ پہنچنے اور اس کے صحنوں میں نماز ادا کرنے میں کامیاب رہے۔
اس کے برعکس قابض اسرائیلی افواج نے بیت المقدس کی سڑکوں، پرانے شہر کی فصیلوں اور مسجد اقصیٰ کے گرد و نواح میں اپنی فوجی تعیناتی میں اضافہ کر دیا اور شہر میں آنے والے نمازیوں کو روک کر ان کے شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال کی، جو ان کے مسجد تک پہنچنے کو محدود کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا حصہ تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض افواج نے مسجد اقصیٰ کے دروازوں اور پرانے شہر کے داخلی راستوں بالخصوص باب الاسباط کے گرد و نواح میں سختیاں نافذ کیں، لوہے کی رکاوٹیں کھڑی کیں اور درجنوں نمازیوں کو مسجد تک پہنچنے سے روک دیا۔
ان اقدامات کے نتیجے میں پرانے شہر کے داخلی راستوں پر شدید رش پیدا ہو گیا اور اس کے گرد و نواح میں گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے ٹریفک کا شدید بحران پیدا ہوا، جبکہ شہریوں کی نقل و حرکت پر عائد فوجی پابندیاں برقرار رہیں۔
یہ پابندیاں مقبوضہ شہر بیت المقدس میں قابض اسرائیل کے ان مسلسل اقدامات کے تسلسل میں سامنے آئی ہیں جن کا مقصد فلسطینیوں کے مسجد اقصیٰ تک پہنچنے کو محدود کرنا اور اس کے گرد و نواح میں ان کی موجودگی کو روکنا ہے۔
