غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) فلسطینی وزارت داخلہ و قومی سلامتی نے کہا ہے کہ غزہ شہر کے مغربی علاقے الشاطی پناہ گزین کیمپ میں گھر پر ہونے والے بزدلانہ اور وحشیانہ اسرائیلی فضائی حملے میں شمالی غزہ گورنری کے داخلی سلامتی کے ڈائریکٹر کرنل محمد ماجد ابو العوف کی اہلیہ اور دو بیٹیوں سمیت شہادت غزہ کے سکیورٹی نظام کو مفلوج کرنے اور معاشرے میں افراتفری پھیلانے کی سوچی سمجھی اسرائیلی پالیسی کا تسلسل ہے۔
47 سالہ کرنل ابو العوف بدھ کی صبح اس وقت شہید ہوئے جب قابض اسرائیلی فوج نے الشاطی کیمپ میں واقع ان کی رہائش گاہ کو براہ راست نشانہ بنایا۔
وزارت داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کرنل محمد ماجد ابو العوف، ان کی 41 سالہ اہلیہ نورہ عزات ابو العوف اور دو کم سن بیٹیوں 15 سالہ یسریٰ اور 13 سالہ جنا کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں اس کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نہتے شہریوں کے خلاف کھلی جارحیت اور جنگی جرم قرار دیا گیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق سکیورٹی افسران اور ان کے خاندانوں کو نشانہ بنانا غزہ میں داخلی امن و امان کے ڈھانچے کو تباہ کرنے کی منظم سازش کا حصہ ہے۔
وزارت داخلہ نے اس امر کی نشاندہی بھی کی کہ کرنل ابو العوف پر یہ حملہ داخلی سلامتی کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر جنرل نعیم ابو نحل کی شہادت کے چوبیس گھنٹے سے بھی کم وقفے میں کیا گیا ہے جو سکیورٹی قیادت کو پے در پے ختم کرنے کی اسرائیلی مجرمانہ کارروائیوں کو ظاہر کرتا ہے۔
فلسطینی وزارت داخلہ نے عالمی برادری، انسانی حقوق کے اداروں اور جنگ بندی معاہدے کے ضامن و ثالث ممالک کو ان واقعات پر خاموشی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ عالمی سطح پر مجرمانہ خاموشی قابض افواج کو مزید کارروائیوں کی شہ دے رہی ہے۔
وزارت نے ثالثوں اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں بدامنی پھیلانے کے سنگین نتائج کا ادراک کریں اور اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے فوری اور مؤثر عملی اقدامات اٹھائیں۔
بیان کے آخر میں وزارت داخلہ کی قیادت نے پولیس اور سکیورٹی اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جو مسلسل خطرات اور اپنے پیاروں کی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے باوجود شہریوں کے تحفظ اور معاشرتی امن کی بحالی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
