غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارتِ صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البرش نے صحت اور ماحول کے بڑھتے ہوئے بحران سے خبردار کیا ہے۔ انہوں نے اموات کی تعداد میں غیر معمولی اضافے، گردن توڑ بخار (میننجائٹس) کے بڑھتے ہوئے کیسز، اور پینے کے پانی کی آلودگی اور سیوریج نظام کی تباہی سے پیدا ہونے والے سنگین خطرات کی نشاندہی کی۔
پیر کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے البرش نے کہا کہ غزہ میں درج ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد، جس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ہونے والی ہلاکتیں، بیماریاں اور حادثات سب شامل ہیں، 2025 میں 2022 کے مقابلے میں چار گنا سے بھی بڑھ گئی۔ 2022 غزہ پر اسرائیلی جنگ شروع ہونے سے پہلے کا سال تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اموات کی تعداد 2022ء میں 6,061 تھی جو 2025ء میں بڑھ کر 24,650 ہو گئی، جبکہ اسی عرصے میں شرحِ اموات فی ہزار آبادی 2.8 سے اچھل کر 11.59 تک جا پہنچی۔
البرش نے واضح کیا کہ بھوک، انفیکشن اور صحت کی سہولیات کے معطل ہونے سے ہونے والی اموات کی درست تعداد جاننے کے لیے وجۂ وفات کا تفصیلی تجزیہ درکار ہے، تاکہ اموات میں اضافے کے پیچھے کارفرما مختلف عوامل کی نشاندہی ہو سکے۔
غزہ میں بیماریوں کے پھیلاؤ اور پینے کے پانی کی آلودگی سے انتباہ
وزارتِ صحت کے اس اعلیٰ عہدیدار نے سیوریج نیٹ ورکس کو پہنچنے والے وسیع نقصان اور گندے پانی کو صاف کرنے والے پلانٹس کے بند ہونے کے باعث بیماریاں پھیلنے کے بڑھتے ہوئے خطرات سے خبردار کیا۔ ان کے مطابق بارشیں ہونے کی صورت میں سیوریج کا پانی پینے کے پانی میں مل جانے کا اندیشہ بھی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ پانی اور سیوریج کی خدمات کی ابتری سے انفیکشن کا خطرہ بڑھ رہا ہے، جبکہ غذائی قلت کی شدت بچوں کو بیماریوں کے سامنے مزید کمزور کر رہی ہے۔ ساتھ ہی ہسپتالوں کی سہولیات کے ناکارہ ہونے اور ادویات و طبی سامان کی قلت کے باعث ان کی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت گھٹ گئی ہے، جس سے بروقت تشخیص اور علاج کے مواقع محدود ہو گئے ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ گردن توڑ بخار کے کیسز میں اضافہ ایک بگڑتے ہوئے صحتی و ماحولیاتی بحران کا حصہ ہے، جو فوری مداخلت کا متقاضی ہے تاکہ آبادی، بالخصوص بچوں اور بے گھر افراد میں صحت کے خطرات کا دائرہ مزید وسیع نہ ہو۔
فوری بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ
البرش نے عالمی برادری، عالمی ادارۂ صحت اور اقوامِ متحدہ کے ادارۂ اطفال (یونیسف) سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایندھن اور پانی و سیوریج نیٹ ورکس کی مرمت کا سامان غزہ میں داخل کروائیں، اور پانی کو میٹھا بنانے (ڈی سیلینیشن) اور سیوریج کا پانی صاف کرنے والے پلانٹس کو دوبارہ چالو کرنے کے لیے کام کریں۔
انہوں نے بے گھر خاندانوں کے لیے پانی کو جراثیم سے پاک کرنے والے مواد اور صفائی کے سامان کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا، ساتھ ہی ہسپتالوں کے لیے لیبارٹری کا سامان اور ضروری ادویات مہیا کرنے پر زور دیا، تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور صحت کے اداروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت بہتر ہو۔
البرش نے زور دے کر کہا کہ غزہ کے بچوں کا تحفظ اسی سے شروع ہوتا ہے کہ ان کے گھرانوں تک محفوظ پانی پہنچے، اور ایسے ہسپتال موجود ہوں جو ان کا معائنہ کر سکیں، ان کی بیماریوں کی تشخیص کر سکیں اور بروقت علاج فراہم کر سکیں۔
