غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) وسطی غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں سات فلسطینی شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے، جبکہ اسی دوران قابض افواج نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں شدید فائرنگ کی اور بے گھر افراد کے خیموں و رہائشی علاقوں کے گرد و نواح کو نشانہ بنایا۔
قابض افواج نے جمعہ فجر سے اب تک غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے کی 13 خلاف ورزیاں کی ہیں۔
جمعہ کی شام البریج کے جنوب مغرب میں ابو ہویشیل اراضی پر شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں چار شہری جام شہادت نوش کر گئے جن میں یوسف العایدی، احمد ابو ہویشیل، مصطفیٰ العوینی اور یوسف ابو غرقود شامل ہیں۔
وسطی غزہ کی پٹی میں النصیرات کیمپ کے شمال میں واقع المخیم الجدید کے فرہود چوک کے گرد و نواح میں قابض اسرائیل کے ڈرون طیارے کے حملے میں نوجوان دیاب عیسیٰ عمر راضی شہید ہو گئے۔
علاوہ ازیں دیر البلح شہر میں شہدائے اقصیٰ ہسپتال کے قریب بے گھر افراد کے المناصرہ کیمپ کے گرد و نواح میں قابض اسرائیل کے ڈرون طیارے کی جانب سے کیے گئے ایک فضائی حملے میں ایک اور شہری شہید اور دو شہری زخمی ہو گئے۔
غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس شہر کے مغرب میں واقع محلے الامل میں قبل ازیں قابض اسرائیل کی بمباری سے متاثر ہونے والے اپنے مکان کی دیوار گرنے کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہو گیا۔
جنوبی خان یونس کے علاقوں بالخصوص الطینہ اسٹریٹ پر قابض اسرائیل کی فوجی گاڑیوں کی جانب سے شدید فائرنگ دیکھنے میں آئی جبکہ ٹینکوں کی فائرنگ نے شہر کے المواصی علاقے میں بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا، جس سے عام شہریوں اور بے گھر افراد کو لاحق خطرات مزید سنگین ہو گئے ہیں۔
غزہ شہر کے مشرقی علاقوں میں قابض اسرائیل کے ڈرون طیاروں نے نچلی پروازیں کیں اور ان کی گہری گشت جاری رہی، جبکہ اسی دوران قابض اسرائیل کی جنگی کشتیوں نے شہر کے ساحل کی جانب فائرنگ کی۔
یہ حملے جنگ بندی معاہدے کی قابض اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں اور اس کے ساتھ غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں جاری بمباری، فائرنگ اور عام شہریوں کی زندگیوں کو لاحق مسلسل خطرات کے تسلسل میں سامنے آئے ہیں۔
غزہ میں وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر سنہ 2023ء سے غزہ کی پٹی پر قابض اسرائیل کی جارحیت کے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 74,715 شہدا اور 176,139 زخمیوں تک پہنچ گئی ہے۔
