غزہ – (مرکزاطلاعات فلسطین فاؤنڈیشن) قابض اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے چھ فلسطینی اسیران بدھ کی شام جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس پہنچ گئے۔
طبی اور مقامی ذرائع کے مطابق رہائی پانے والے اسیران کا میڈیکل کمپلیکس کے اندر ضروری طبی معائنہ کیا گیا تاکہ حراست کے دورانیے کے بعد ان کی جسمانی و صحت کی صورتحال کا جائزہ لے کر اطمینان حاصل کیا جا سکے۔
رہا ہونے والے اسیران کی فہرست میں قصبے بیت لاہیا سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ وسام حاتم عطوہ عزیز، خان یونس شہر کے 38 سالہ احمد خالد احمد ابو مہنا، جبالیا کے 19 سالہ محمد رجب معین القانوع، خان یونس کے 37 سالہ محمد نبیل محمد السمیری، غزہ شہر کے 32 سالہ مصطفیٰ جواد توفیق الفیومی اور البریج کیمپ کے 33 سالہ عمر عبد اللہ عبد الکریم ابو سعید شامل ہیں۔
ان اسیران کی رہائی ایک ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب قابض اسرائیل کی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران کو انتہائی کٹھن انسانی اور طبی حالات کا سامنا ہے، جبکہ انسانی حقوق کے ادارے ان کے خلاف جاری خلاف ورزیاں روکنے اور دیگر زیر حراست افراد کا انجام سامنے لانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
قابض افواج وقفے وقفے سے غزہ کی پٹی کے محدود تعداد میں اسیران کو رہا کرتی ہیں، جن کے جسموں پر حراست کے دوران پیش آنے والے کٹھن حالات کے باعث تشدد اور شدید نقاہت کے آثار واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں۔
فلسطینی اسیران کے اداروں کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق قابض اسرائیل کی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران اور زیر حراست افراد کی مجموعی تعداد تقریباً 9,350 ہے، جن میں غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے 1,320 زیر حراست افراد بھی شامل ہیں جنہیں قابض حکام نے غیر قانونی جنگجو کے زمرے میں رکھا ہوا ہے۔
ان اعداد و شمار میں قابض فوج کے ماتحت عسکری اور خفیہ حراستی کیمپوں اور مراکز میں رکھے گئے ہزاروں زیر حراست افراد شامل نہیں ہیں، جن کی حراست کے مقامات اور حالات کے بارے میں کوئی سرکاری معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
